مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور آزاد کشمیرحکومت کی ترجیحات ، سردار تنویر الیاس نے بھارت کو مرچیں لگاتے ہوئےمظلوم کشمیریوں کے دل جیت لئے
مظفرآباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف آزادجموں و کشمیر کے صدر اور ریاست کے سینئروزیر سردار تنویر الیاس خان نےکہاہےکہ عمران خان کشمیریوں کے بین الاقوامی سطح پر حقیقی سفیر ثابت ہوئے ہیں،پہلی بار اقوام عالم کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر دنیا کو معلوم ہوا کہ نام نہاد جمہوریت کا حامل ہندوستان اپنے زیر قبضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں کررہا ہے، آزاد خطے میں وسائل کےصحیح استعمال ،میرٹ کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی اور عدل وانصاف کی فراہمی تحریک آزادی کے بعد ترجیحات ہیں۔
آزاد کشمیر حکومت کے یوم تاسیس کے موقع پر آزاد کشمیر ریڈیو مظفرآباد کے دورہ کے دوران خصوصی بات چیت کرتے ہوئےسردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان باوقار، پراعتماد اور اعلیٰ ترین ظرف نگاہی کے حامل رہنما ہیں جنہوں نے مقدمہ کشمیر میں مقبوضہ وادی کے عوام کی وکالت بھرپور انداز میں کی، کشمیریوں کے وکیل عمران خان وادی کشمیر کی عوام کی آزادی اور آزاد خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے 24اکتوبر یوم تاسیس کے حوالے سے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت آزادخطے کی تعمیر و ترقی اور مقبوضہ وادی کی عوام کی مکمل آزادی تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،مقبوضہ وادی میں جاری مظالم اور بھارتی غاصب و استبدادی افواج کی چیرہ دستیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی اس خطے میں انتہا پسندی اور جارحانہ عمل کے ذریعے امن کے لئے خطرہ ہے،مودی گجرات میں مسلمانان ہند کا قاتل اور انتہا پسند و متعصب ہندو بال ٹھاکرے کا بالکا ہے، ہندوستان کی حکومت تمام تر جبری ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی ختم نہیں کرسکی ہے،تحریک آزادی کشمیر بنیادی طور پر تحریک تکمیل پاکستان ہے۔
سنیئروزیر نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے پہلے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کرلیا تھا اور اس منزل کے حصول کیلئے گزشتہ 73سال سے قربانیوں کا ایک سلسلہ جاری ہے جو منزل کے حصول تک جاری رہے گا، کشمیریوں کی نسلیں جدوجہد آزادی کے لئے وقف ہیں،دنیا کی کسی تحریک میں انسانی جانوں اور عصمتوں کی اتنی قربانی نہیں دی گئی جتنی تحریک آزادی کشمیر میں دی جاچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کی منزل قربانی کے بغیر نہیں ملتی، اجداد نے جدوجہد آزادی کی بنیاد رکھی تھی اور انہیں اچھی طرح یہ علم تھا کہ یہ سفر قربانیوں کے بغیر ممکن نہیں،کشمیریوں کی آئندہ نسلوں نے اجداد کے مشن کی تکمیل کیلئے سفر جاری رکھا ہوا ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ 27اکتوبر کو تمام کشمیری آزاد کشمیر، وطن عزیز پاکستان اور دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور پر بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں گے جس کا مقصد بھارتی مظالم اور تشدد و استبداد کا بھیانک چہرہ دنیا کو دکھانا ہے،بیس کیمپ کی حکومت کا مقصد تحریک آزادی ہی ہے۔
اس موقع پر سٹیشن ڈائریکٹر طاہر چغتائی، نیوز ایڈیٹر بادشاہ خان، سینئر صحافی سردار ذوالفقار علی اور پروڈیوسر خالد محمود بھی موجود تھےجبکہ سردار تنویر الیاس خان کے ہمراہ سینئر رہنماء پی ٹی آئی ٹریڈ ونگ سردار عبد الرزاق،مرکزی رہنماءسردار افتخار رشید چغتائی و دیگر بھی موجود تھے۔