4بار کے ایم این اے نسیم شاہ نے (ن )لیگ کیوں چھوڑی؟

4بار کے ایم این اے نسیم شاہ نے (ن )لیگ کیوں چھوڑی؟
4بار کے ایم این اے نسیم شاہ نے (ن )لیگ کیوں چھوڑی؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوٹ سادات (ڈیلی پاکستان آن لائن) ضلع وہاڑی کی سیاست کا بڑا نام سید شاہد مہدی نسیم شاہ حال ہی میں مسلم لیگ (ن )چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پیدا ہونے والے حالات دیکھ کر فیصلہ کیا کہ وہ (ن )لیگ کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے۔

اپنے آبائی گاؤں کوٹ سادات میں سید علی احمد شاہ کے ڈیرے پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ساری زندگی مسلم لیگ کا حصہ رہے اور 4بار ایم این اے اور ایک بار ضلع ناظم بنے لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مزید مسلم لیگ (ن )کے ساتھ چل نہیں پائیں گے اسی لیے انہوں نے عمران خان کی دعوت پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ضلع وہاڑی  کی سیاست میں گزشتہ 40 سال سے متحرک ہیں، اس عرصے کے دوران ان پر بددیانتی ثابت ہونا تو دور کی بات،  کوئی بدترین مخالف بھی ان پر بد دیانتی کا الزام تک عائد نہیں کرپایا جو ان کے کردار کی گواہی ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی سید ساجد مہدی سلیم شاہ اسی حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ وہ 2018 ءکے عام انتخابات میں 70 ہزار سے زائد ووٹ لے کر مسلسل دوسری بار ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے جنوبی پنجاب سے سینئر رہنما اسحاق خان خاکوانی کو شکست دی تھی۔

جلسے سے نسیم شاہ کے صاحبزادے اور آئندہ الیکشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 157 وہاڑی ٹو سے امیدوار سید سلمان شاہد مہدی نسیم شاہ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے  واضح کیا کہ اگرچہ ان کے والد ساری زندگی مسلم لیگ کا حصہ رہے ہیں لیکن تحریک انصاف ان کے کیریئر کی پہلی سیاسی جماعت ہے اور وہ اسی جماعت کے  چیئرمین عمران خان کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی کی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔

لانگ مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے جمعے کو لانگ مارچ کی  کال  دی تو وہ اپنی تیاری کرکے بیٹھے ہوئے ہیں، جب بھی کپتان کی کال آئے گی وہ 6سے 10 ہزار کارکنوں کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔