بیگم نصرت بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے

بیگم نصرت بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے11سال بیت گئے

  

لاہور،کراچی(نمائندہ خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق خاتون اول اور دو بار وزیر اعظم رہنے والی محترمہ بے نظیر بھٹو کی والدہ بیگم نصرت بھٹو کی 11ویں برسی منائی گئی۔ پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام برسی کے سلسلہ میں ملک بھر میں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی تقریبات منعقد کی گئیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ہمیں سکھایا ہے کہ برداشت اور صبر سے بڑی کوئی جرات نہیں، ظلم کے اندھیروں میں آوازِ حق بلند کرنے سے زیادہ کوئی اطمینان نہیں، اور جمہوریت اور پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی عزیز نہیں۔ سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز آصف علی زرداری نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر جمہوریت کی ملک،قوم اور جمہوریت کیلئے جدوجہد بے مثال ہے،ان کی قربانیوں کی ایک تاریخ ہے،انہوں نے وقت کے طاقتور آمروں اور غاصبوں کا بہادری سے مقابلہ کیا۔سابق صدر نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے ملک اور جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دی ہیں دنیا کی سیاسی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، انہوں نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے مادر جمہوریت نے عوامی جدوجہد کی قیادت کی،انہوں نے جمہوریت اور عوام کے کیلئے ناقابل برداشت صدمات برداشت کئے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بیگم نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام میں کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ایک ثابت قدم اور قدآور شخصیت تھیں۔انہوں نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے جس بہادری سے شہید بھٹو کا مشن آگے بڑھایا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کو جمہوریت کا علم بلند کرنے، آمریت کے خلاف طویل جمہوری و سیاسی جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔وفاقی وزیرشیری رحمان نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی 11 برسی کے موقع پر انکو سلام پیش کیا ہے۔

نصرت بھٹو

مزید :

صفحہ اول -