چینی صدر شی جن پنگ تیسری بارکمیونسٹ پارٹی  کے سیکرٹری جنرل منتخب

  چینی صدر شی جن پنگ تیسری بارکمیونسٹ پارٹی  کے سیکرٹری جنرل منتخب

  

      بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چین کے صدر شی جن پنگ مسلسل تیسری بار کمیونسٹ پارٹی آف چائناکے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شی جن پنگ کو تیسری بار کمیونسٹ پارٹی کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا صدر شی جن پنگ کا انتخاب چینی عوام کی خدمت کے لیے ان کی دانشمندانہ ذمہ داری کو شاندارخراج تحسین ہے۔دوسری طرف چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے چین کے صدر شی جن پنگ کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے مسلسل تیسری بار سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی قیادت میں چین ترقی اور خوشحالی کی بیمثال منازل طے کر رہا ہے اور پاکستانی عوام اور قیادت چین کے ساتھ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی قیادت چینی صدر کے ساتھ ملکر پاک -چین جامع اسٹریٹجک شراکت دارنہ تعلقات کو فروغ دینے اور دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہاں ہے۔خیال رہے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سالانہ اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ کی موجودگی میں سابق صدر ہوجن تاؤ کو ہال سے باہر نکال دیا گیاتھا۔چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سالانہ اجلاس میں شریک سابق صدر ہوجن تاؤ موجودہ صدر شی جن پنگ کیساتھ والی نشست پر بیٹھے ہوئے تھے۔اس دوران کچھ لوگ آئے اور سابق چینی صدر کو باہر لے گئے،2003 سے 2013 تک چین کے صدر ہنے والے 79 سالہ ہوجن تاؤ کو بظاہر ان کی مرضی کیخلاف ہال سے باہر لے جایا گیا جس کے دوران انہوں نے صدر شی جن پنگ سے بات کرنے کی کوشش بھی کی، حکام نے ابھی تک اس واقعے کی کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔

چینی صدر

مزید :

صفحہ اول -