راولپنڈی میں خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا برقعہ پوش لڑکا پکڑا گیا
راولپنڈی (ویب ڈیسک) تھانہ صادق آباد کے علاقے سے مشکوک برقعہ پوش شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔برقعہ پوش لڑکا خاتون کا روپ دھار کر پبلک ٹرانسپورٹ سے اترنے و راہ چلتی خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرکے انھیں ہراساں کررہا تھا ، سٹی ٹریفک پولیس کے عملے نے اسے قابو کرکے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ صادق آباد پولیس کے حوالے کردیا۔
ایکسپریس نیوز نے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ صادق آباد میں شہریوں نے ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس کے اسٹاف کو پبلک ٹرانسپورٹ سوزکی وین کے سٹاپ کے قریب برقعہ پوش کی مشکوک حرکات کے متعلق نشاندہی کی۔
پبلک ٹرانسپورٹ سے جو بھی خاتون یا لڑکی اترتی ہے یا وہاں سے جو خواتین گزرتی ہیں مشکوک برقعہ پوش ان سے چھیڑ چھاڑ کرکے انھیں ہراساں کررہا ہے۔ اطلاع پر چند خواتین کی موجودگی میں پولیس عملے نے موقع پر جاکر چیک کیا تو بول چال پر برقعہ پوش لڑکا نکلا جس پر ملزم کو قابو کرلیاگیا اور تھانہ صادق آباد پولیس کے عملے کو وہاں طلب کرکے ملزم کو انکے حوالے کردیاگیا۔
ادھر تھانہ صادق آباد کے موبائل آفیسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انھوں نے ملزم کو ڈیوٹی آفیسر سکندر کے حوالے کردیا تاہم تھانے رابطے کرنے پر ڈیوٹی پر مامور محرر نے بتایا کہ انھیں کسی برقعہ پوش کی گرفتاری یا تھانے منتقلی کی اطلاع نہیں جبکہ ڈیوٹی آفیسر سکندر کے متعلق بتایا گیا انکی ڈیوٹی ختم ہوچکی ہے جنکے موبائل فون نمبر پر رابطے کی کوشش کی گئی لیکن فون اٹینڈ نہیں ہوسکا۔