کراچی میں گدھے کو زبردستی تیزاب پلا کر مار دیا گیا ، اداکارہ اشنا شاہ کا اظہار برہمی

کراچی میں گدھے کو زبردستی تیزاب پلا کر مار دیا گیا ، اداکارہ اشنا شاہ کا ...
کراچی میں گدھے کو زبردستی تیزاب پلا کر مار دیا گیا ، اداکارہ اشنا شاہ کا اظہار برہمی

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی سفیر اداکارہ اُشنا شاہ کی طرف سے بدھ کے روز کراچی میں ایک گدھے کو زبردستی تیزاب پلائے جانے کے ہولناک واقعے کی خبر دی گئی۔ پاکستان کی سرکردہ اینیمل ریسکیوئر عائشہ چندریگر نے بتایا ہے کہ وہ گدھا علاج کے باوجود جانبر نہیں ہوسکا اور گزشتہ روز اس کی موت واقع ہو گئی۔ 

عائشہ چندریگر، جو کراچی میں عائشہ چندریگر فاﺅنڈیشن چلاتی ہیں، نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ کے ذریعے بتایا کہ گدھے کا پورا جسم اندر سے جل چکا تھا۔ اس کا منہ، گلہ، پھیپھڑے اور دیگر تمام اندرونی اعضاءتیزاب سے بری طرح جھلس چکے تھے۔ تمام وقت گدھے کی آنکھوں سے آنسو جاری رہے اور بالآخر وہ ان اندرونی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روزموت کے منہ میں چلا گیا۔

واضح رہے کہ اس گدھے کو نامعلوم لوگوں نے زبردستی تیزاب پلایا تھا۔ ممکنہ طور پر گدھے کے مالک کے ساتھ اپنی مخاصمت کا بدلہ لینے کے لیے کسی نے یہ شیطانی حرکت کی۔ عائشہ چندریگر کا کہنا تھا کہ گدھے کافی طاقتور ہوتے ہیں، لہٰذا اسے تیزاب پلانا کسی ایک شخص کے بس کی بات نہیں ہے۔ ممکنہ طور پر 2 سے 3 لوگوں نے گدھے کو قابو کرکے اس کے منہ میں تیزاب انڈیلا ہو گا۔

مزید :

تفریح -