بحری جہازوں میں مہینوں سفر کے دوران زندگی کیسی ہوتی ہے؟
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بحری جہازوں میں مہینوں سفر کے دوران زندگی کیسی ہوتی ہے؟ ایک بحری جہاز پر بطور پرفارمر کام کرنے والی برطانوی لڑکی نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔ برطانوی شہر مانچسٹر کی رہائشی ریچل ہڈسن نامی اس گلوکارہ کا کہنا ہے کہ میں 9، 9ماہ بحری جہاز میں سفر پر رہتی ہوں۔ اس دوران میری صبح کا آغاز چائے سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد میں اپنی پرفارمنس کی تیاری کرتی ہوں۔
ریچل ہڈسن بتاتی ہے کہ میری پرفارمنس رات کے وقت ہوتی ہے اور مجھے ہفتے میں چار دن پرفارم کرنا ہوتا ہے۔ ہال میں سینکڑوں مسافر ہوتے ہیں جن کے لیے میں گاتی ہوں۔ میں دن کے وقت ٹیک ریہرسل کے بعد بحری جہاز کے 8حصوں میں گھومتی ہوں جن کی اپنی اپنی خصوصیات ہیں۔میرا پسندیدہ حصہ سنٹرل پارک ہے، جہاں 10ہزار پھول پودے لگے ہوئے ہیں۔ اس حصے میں بہت سے ریسٹورنٹس اور کیفے موجود ہیں۔ جہاز میں ہمیں نت نئے لوگوں سے ملنے اور نئی نئی جگہیں دیکھنے کا موقع ملتا ہے، جو میرا پسندیدہ مشغلہ بھی ہے، چنانچہ میں اپنے اس کام کو بہت پسند کرتی ہوں۔ بحری جہاز کی زندگی میں ایک ہی چیز کی کمی ہوتی ہے اور وہ ہماری فیملی ہے۔ ہم مہینوں تک اپنی فیملی سے نہیں مل پاتے۔“