لاہور پریس کلب میں 3روزہ کتاب میلے کا آغاز کل ہو گا ، بک رائٹرز کلب کی شہریوں کو شرکت کی دعوت

Oct 24, 2024 | 04:06 PM

لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن) بک رائٹرز کلب کے چیئرمین ایم سرور اور سیکرٹری جنرل عاطف رحمن نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام کتاب میلے کا انعقاد احسن اقدام ہے بک رائٹرز کلب کا مشن بھی کتاب کلچر کو فروغ دینا ہے۔ بک ہوم کے بانی چیئرمین رانا عبدالرحمن کے مشن کو آگے بڑھانا ہے۔ ”کتاب کو گھر گھر پہنچاناہے“اس ضمن میں لاہور پریس کلب کا کتاب میلہ اہمیت کا حامل ہے اور اس مشن میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ میلہ 25تا 27اکتوبر3 دن جاری رہے گا۔ وقت صبح11سے رات10بجے تک ہوگا۔ کتاب میلے میں ہر موضوع (مذہب، تاریخ، فلسفہ، سائنس، سیاست، نفسیات، شاعری، مزاح، آپ بیتیاں، سوانح، سفرنامہ، صحت، تعلیم، تہذیب، ثقافت، فن اور تحقیق پر مبنی کتب شامل ہوں گی) 

ہم لاہور کے شہریوں، ادیبوں، دانشوروں، صحافیوں، اساتذہ، طالب علموں اور ہر مکتبہ فکر کے علم دوست، کتاب دوست خواتین و حضرات کو میلے میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں کہ وہ لاہور پریس کلب تشریف لائیں اور کتاب میلے کو کامیاب کریں۔
ہم لاہور پریس کلب کے صدر محمد ارشد انصاری، جنرل سیکرٹری زاہد عابداور کلب کی لٹریری کمیٹی کے اراکان کو کتاب میلہ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ایسے کتاب میلے منعقد ہوتے رہنے چاہئیں تاکہ کتاب کلچر کو فروغ ملے۔

مزیدخبریں