ملکی سالمیت، امن و امان کی صورتحال پرسمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا: گورنر پنجاب
لاہور (این این آئی) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے دربار گولڑہ شریف اسلام آباد میں بین الاقوامی ختم نبوت کانفرنسؐمیں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولؐنے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہمارا دین اسلام محبت، بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔ اسلامی لبادہ اوڑھ کر مار دھاڑ کرنا اور مسلمان بھائیوں کو جانی نقصان پہنچانا اسلام اسکی اجازت نہیں دیتا،تمام سیاسی جماعتیں اور مسلمان نبی کریمؐپر اپنی جان قربان کرتے ہیں۔دین کی آڑ میں احتجاج کرکے دنیا میں پاکستان کا امیج خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ملکی سالمیت اور امن و امان کی صورتحال پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ علما ء کرام امن کے داعی ہیں، برداشت اور رواداری کا درس دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ختم نبوت کانفرنس نبی کریم ؐ ؐسے والہانہ محبت اور عقیدت کا ثبوت ہے،ہم اولاد رسول ؐاور صحابہ ؓکے غلام ہیں۔ حضرت محمد ؐکی سیرت و کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے، پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے ختم نبوت کی قانون سازی اور قادیانیوں کو کافر قرار دیکر اپنی موت کے پروانے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے مزار پرحاضری بھی دی اور پھولوں کی پتیاں نشاور کیں۔اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
گورنر پنجاب
