1.65ارب ریکو ر کئے، 361ایکڑزمین واگزار کرائی، 17ہزار متاثرین کو ریلیف دلایا
اسلام آباد(آن لائن)قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران 1.65 ارب روپے سے زائد کی ریکارڈ ریکوری کے ساتھ ساتھ 361ایکڑ اراضی واگزار بازیاب اور 17ہزار سے زائد متاثرین کو ریلیف دلایا ہے۔نیب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کی پہلی تین سہ ماہیوں میں مجموعی طور پر 1.649 ٹریلین روپے (1.65 کھرب روپے) کی ریکوری کی گئی ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ اس سہ ماہی میں عوامی دھوکہ دہی کے مختلف مقدمات میں 17,194 متاثرین کو نیب کی ریکوریز کی بدولت مالی ریلیف حاصل ہوا۔نیب کراچی نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مقدمے میں 2.8 ارب روپے مالیت کے دو قیمتی پلاٹ بازیاب کر کے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے حوالے کئے جبکہ نیب سکھر نے نیشنل ہائی اتھارٹی کی 361 ایکڑ اضافی اراضی بازیاب کرائی جس کی مالیت 2.5 ارب روپے بتائی گئی ہے۔اس کے علاوہ نیب نے اس سہ ماہی میں 1.39 ملین ایکڑ مینگرووز جنگلات کی اراضی واگزار کرائی جس کی مالیت 1,104.97 ارب روپے ہے جس کے بعد جنگلات کی اراضی کی کل بازیابی 2.59 کھرب روپے تک پہنچ گئی ہے۔نیب بلوچستان نے 414,036 ایکڑ جنگلات کی اراضی واگزار کرائی جس کی مالیت 44.8 ارب روپے ہے جبکہ نیب خیبر پختونخوا نے 3.2 ارب روپے مالیت کی غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی ریاستی اراضی بازیاب کر کے وزارتِ صنعت و پیداوار کے حوالے کی۔عوامی دھوکہ دہی کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے میں نیب نے B4U کیس کے 5008 متاثرین کو پہلی مرتبہ آن لائن ادائیگیوں کے ذریعے رقوم کی تقسیم مکمل کی۔نیب کے مطابق ادارہ بدعنوانی کے خاتمے، قومی وسائل کی حفاظت اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں آئندہ بھی بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔
نیب ریکوری
