امریکا کا کیریبین میں منشیات بردار کشتی پر نیا حملہ، 6 ہلاک 

امریکا کا کیریبین میں منشیات بردار کشتی پر نیا حملہ، 6 ہلاک 
امریکا کا کیریبین میں منشیات بردار کشتی پر نیا حملہ، 6 ہلاک 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوج نے منشیات سمگل کرنے کے شبہے میں ایک کشتی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ منشیات فروش کارٹیلز کے خلاف جاری امریکی فوجی مہم کا دسواں حملہ تھا، جس میں اب تک 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ہیگستھ کے مطابق یہ کشتی ٹرین دے آراگوا (Tren de Aragua) نامی بین الاقوامی گینگ کے زیرِ استعمال تھی اور حملہ کیریبین کے سمندری علاقے میں کیا گیا۔

امریکی وزیر دفاع نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ان حملوں کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔ ستمبر میں یہ حملے چند ہفتوں کے وقفے سے ہوتے تھے، جبکہ اب ایک ہی ہفتے میں تین حملے کیے گئے ہیں۔ ان میں سے دو حملے مشرقی بحرالکاہل (Eastern Pacific) میں بھی کیے گئے، جو اس بات کی علامت ہے کہ امریکا اپنی کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کر رہا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک 20 سیکنڈ کی بلیک اینڈ وائٹ  ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک چھوٹی کشتی سمندر میں ساکت کھڑی ہے جب ایک باریک لمبا میزائل اوپر سے آتا ہے اور کشتی کو دھماکے سے تباہ کر دیتا ہے۔ ویڈیو میں دھماکے کے بعد کی جھلکیاں دکھائی نہیں دیتیں۔

ہیگستھ نے بتایا کہ حملہ بین الاقوامی پانیوں میں کیا گیا اور یہ پہلا رات کے وقت ہونے والا آپریشن تھا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا “اگر آپ منشیات سمگل کرنے والے دہشتگرد ہیں، تو ہم آپ کے ساتھ وہی سلوک کریں گے جو القاعدہ کے ساتھ کیا گیا۔ دن ہو یا رات ،  آپ کے لوگوں کو ٹریس کریں گے، اور جہاں بھی ہوں گے، آپ کو ڈھونڈ کر مار ڈالیں گے۔”

یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب امریکی فوج نے جمعرات کے روز دو سپر سونک بھاری بمبار طیارے وینزویلا کے ساحل کے قریب اڑائے۔ یہ پرواز کیریبین اور وینزویلا کے پانیوں میں بڑھتی ہوئی امریکی فوجی سرگرمیوں کا حصہ ہے، جس سے یہ قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کو اقتدار سے ہٹانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ مادورو پر امریکا میں نارکو ٹیررازم (منشیات سے جڑے دہشت گردی کے الزامات) کے تحت مقدمہ قائم ہے۔