تحقیق اورٹھوس ثبوت فراہم کئے بغیر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانا بھارت کی پرانی عادت ہے ،مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا:ترجمان دفتر خارجہ

تحقیق اورٹھوس ثبوت فراہم کئے بغیر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانا بھارت کی ...
تحقیق اورٹھوس ثبوت فراہم کئے بغیر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانا بھارت کی پرانی عادت ہے ،مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو چکا:ترجمان دفتر خارجہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے کہا ہے کہ بھارت کی یہ عادت ہو چکی ہے کہ وہاں کوئی بھی واقعہ رونماہو وہ اس کی ذمہ داری فوری طور پر پاکستان پر ڈال دیتا ہے، تحقیق اورٹھوس ثبوت فراہم کئے بغیر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانا شروع ہو جاتا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔ ’’پی ٹی وی نیوز ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ماضی کی طرح بھارت کے اڑی واقعہ کے الزام کو بھی مسترد کیا کیونکہ اس الزام کا بھی کوئی سر پاؤں نہیں تھا، بھارت اس واقعہ سے کشمیر پر سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتا تھا جس میں وہ بری طرح ناکام رہا کیونکہ ہم نے مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کیا ہے جس کی وجہ سے آج پوری عالمی برادری جان چکی ہے کہ بھارت اپنی افواج کی مدد سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی انتہا کر رہا ہے ،جس کی دینا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ساتھ او آئی سی نے بھی مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے جبکہ پاکستان کے دیگر دوست ممالک سمیت کئی ملکوں نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی ہے، او آئی سی کی مذمت کا مطلب ہے کہ اس کے رکن 57 ممالک بھارت کی مذمت کر رہے ہیں اور انہوں نے صرف مذمت ہی نہیں کی بلکہ بھارت کو تنبیہ بھی کی کہ مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں پر مظالم کو روکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس نے مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو ہمیشہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزارت خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے جس کے حل کے بغیر خطے میں امن نہیں ہو سکتا، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت کی ہے جو ان کا بنیادی اور جمہوری حق بھی ہے جو انہیں ملنا بھی چاہیے، آج پوری دنیا نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہنے والا ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی دی ہیں جس کو عالمی برادری سراہتی بھی ہے، بھارت ہمیشہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگاتا آیا ہے لیکن کبھی بھی کوئی ثبوت فراہم نہیں کر سکا، حالانکہ بھارت خود پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے جس کے ہمارے پاس ٹھوس ثبوت بھی موجود ہیں جو ہم عالمی برادری کے حوالے بھی کر چکے ہیں، دنیا بھارت کے مکروہ چہرے سے واقف ہے اس لیے اس کے تمام پراپیگنڈے اور الزامات بے بنیاد اور جھوٹے ہیں۔ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اس لیے ایران سمیت تمام ہمسائیوں سے تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا رہا ہے۔

مزید :

قومی -اہم خبریں -