ڈی ایچ اے میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،خواجہ سلمان رفیق

ڈی ایچ اے میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،خواجہ ...

لاہور(جنرل ر پورٹر )مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی سی او لاہور اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں اور متعلقہ حکام سے ملکر ڈی ایچ اے اور کنٹونمنٹ بورڈ ز میں ڈینگی سرویلنس کے موثر اقدامات کئے جائیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈی ایچ اے سے ڈینگی لاروا اور مریض رپورٹ ہونا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ26 ستمبر سے صوبے میں ہونے والی تین روزہ انسداد پولیو کی قومی مہم کو بھر پور طریقہ سے کامیاب بنایا جائے ۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، پیر اشرف رسول MPA ، تمام متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں ، ایڈیشنل سیکرٹریز ، ڈی جی ہیلتھ کے علاوہ دیگر اضلاع کے کمشنرز ، ڈی سی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبے میں کانگو ، خناق ، پولیو اور ڈینگی کی صورتحال بارے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خناق کے مرض کے خاتمہ کے لئے محکمہ صحت بچوں کو DPT کی پوسٹر ڈوز لگانے کے لئے جلد مہم شروع کر رہا ہے جس کے لئے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔ ضلع قصور میں 32 ہزار سے زائد بچوں کوPANTA کی ویکسین لگا دی گئی ہے اور صورتحال کنٹرول میں ہے ۔کانگو کے نئے مریض رپورٹ ہونا بند ہو گئے ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں ڈینگی کے کیسز کم تعداد میں رپورٹ ہوئے ہیں اور تمام متعلقہ محکموں کی سخت محنت اور پھر پور ڈینگی سرویلنس کی وجہ سے راولپنڈی میں بھی صورتحال کنٹرول میں ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...