صوبائی وزیر کوآپریٹو کیصادق ایجرٹن کالج کی ویب سائٹ لانچ کرنے کی تقریب میں شرکت

صوبائی وزیر کوآپریٹو کیصادق ایجرٹن کالج کی ویب سائٹ لانچ کرنے کی تقریب میں ...

لاہور ر( اپنے خبر نگار سے ) صوبائی وزیرکوآپریٹو وچےئرمین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ نے گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج بہاول پورکی ویب سائٹ لانچ کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل ایس ای کالج پروفیسر ڈاکٹر حاجی ولی محمد ، چےئرمین شعبہ شماریات ڈاکٹر شاکر علی غزالی، ڈائریکٹر ایرڈ زون ، پروفیسر مشکور حسن رضوی، پروفیسر ڈاکٹر محمدطاہر، چےئرمین یونین کونسل بلال بلوچ، کالج اساتذہ اور طلبا و طالبات موجود تھے۔صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ تمام بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہوکر سائنس و ٹیکنالوجی کی جدید تعلیم حاصل کرکے بہتر انداز میں ملک و قوم کی خدمت کریں۔ انہوں نے کالج کی ویب سائٹ تیار کرنے والے ہونہار طالب علموں محمد وقاص، محمد حسنین، عمیر جیلانی اور وسیم عباس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلباء نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے کالج ویب سائٹ تیار کی جو ان کے علم سے والہانہ لگاؤ اور قابلیت کا نتیجہ ہے۔

صوبائی وزیر و چےئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ چولستان میں کالج، دستکاری کے ادارے اور ہوم اکنامکس کالج قائم کرنے کے منصوبے بھی زیر غور ہیں جن پر جلد عمل در آمد شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں یونیورسٹی آف اینمل سائنسز قائم کی جارہی ہے جس سے چولستان کے لائیو سٹاک کو فروغ اور اس خطہ کے طلبہ و طالبات کو وٹرنری کی تعلیم حاصل کرنے کا موقع مل سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چولستان کے حقوق کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں پانی کی فراہمی اورسڑکوں کی تعمیر پر عملی اقدامات شروع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستان میں کیٹل مارکیٹ اورسلاٹر ہاؤس کا قیام بے حد ضروری ہے جس کے قیام کے لیے وہ بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی سے دانش سکول بہاول پور ، بہاول نگر اور رحیم یارخاں میں غریب چولستانیوں کے لیے کوٹہ مختص ہے جس سے وہ اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔صوبائی وزیر امداد باہمی و چےئرمین چولستان ترقیاتی ادارہ نے ایس ای کالج ہال میں ائر کنڈیشنر لگانے کا اعلان کیا۔انہوں نے پنجاب اسمبلی کے سیشن کے دوران گورنمنٹ ایس ای کالج کے طلبا و طالبات کو اسمبلی اجلاس کی کارروائی دیکھنے کی دعوت دی۔قبل ازیں پروفیسر امتیازسلیم لودھی اور پروفیسر محمد عباس بخاری نے کالج کی ہم نصابی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ کالج ویب سائٹ سے طلبا و طالبات ، اساتذہ ، محققین اور سماجی حلقوں کی معلومات کے لیے کالج انفارمیشن، تعلیمی سرگرمیاں، ایڈمنسٹریشن اور رابطہ نمبر،کالج قواعد و ضوابط، داخلہ اور امتحانی شیڈول و نتائج کی بروقت معلومات حاصل کی جا سکیں گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...