تحریک انصاف کی رائیونڈ مارچ کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں تیز

تحریک انصاف کی رائیونڈ مارچ کامیاب بنانے کیلئے تیاریاں تیز

لاہور(شہزاد ملک سے) پاکستان تحریک انصاف نے 30ستمبر کو رائے ونڈ اڈا پلاٹ کے جلسہ اور مارچ کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں تیز کردی ہیں اور پارٹی کے ایم این اے کے ٹکٹ ہولڈر سے فی ایم این اے دو لاکھ روپے اور ان کے نیچے آنے والے دونوں ایم پی ایز سے فی ایم پی اے ٹکٹ ہولڈر ایک ایک لاکھ روپے بطور ٹرانسپورٹ اخراجات مانگ لئے ہیں اور شہری ایم این اے ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے ساتھ کم از کم تین سے چار ہزار کارکنان اور د یہاتی حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے ساتھ پانچ سے چھ ہزار کارکنان لانے کا ٹاسک دیدیا ہے۔ یہ فیصلے گزشتہ روز ایجرٹن روڈ پر واقع ہوٹل میں پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان ‘شہر لاہور کے صدر ولید اقبال اور رورل کے صدر ملک ظہیر عباس کھوکھر کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے ۔پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ اور مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے شرکاء سے ان کی آرء لی گئیں اور مشترکہ فیصلے کئے گئے اور شرکاء سے کہا گیا کہ جلسہ اور مارچ کے لئے لاکھوں کے اخراجات درکار ہیں اس لئے پارٹی کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس میں اپنا اپنا حصہ ڈالے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طے پایا کہ ٹکٹ ہولڈرز سے پیسے اکھٹے کئے جائیں اور ان پیسوں سے ٹرانسپورٹ بک کی جائیں اور شہری حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز کو 80کوسٹرز گاڑیاں فراہم کی جائیں جبکہ دیہی حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز کو دوسو کوسٹرز گاڑیاں فراہم کی جائیں تاکہ عوام الناس کو رائے ونڈ اڈا پلاٹ تک پہنچنے کے لئے کسی بھی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور انہیں ذمے داریاں بھی تفویض کی گئیں جبکہ اجلاس میں کہا گیا کہ ہماری (ن) لیگ کے ساتھ کوئی زاتی لڑائی نہیں ہے البتہ وہ قوم کو کاغذات دکھا دیں کہ جن پیسوں سے انہو ں نے آف شور کمپنیاں بنائی ہیں ان پیسوں کا ٹیکس ادا کیا گیا تھا تو ہم پیچھے ہٹ جائیں گے لیکن ان سے حساب مانگتے رہیں گے اور اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...