مردان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام میں روڑے اٹکانا افسوسناک ہے: مشتاق احمد غنی

مردان میں ویمن یونیورسٹی کے قیام میں روڑے اٹکانا افسوسناک ہے: مشتاق احمد غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے مردان میں وومن یونیورسٹی کے قیام میں مقامی نا ظم کی جانب سے رکاوٹ ڈالنے کو انتہائی افسوس ناک اور قابل مزمت قرار دیا ہے،یہاں سے جاری ایک بیان میں صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت صوبہ میں تعلیم نسواں کے فروغ کیلئے علیحدہ اعلیٰ جامعات بنا رہی ہے تاکہ خواتین کو زیادہ سے زیادہ اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کئے جا سکیں، لیکن مردان میں عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے ناظم کی جانب سے وومن یونیورسٹی کے قیام میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے ثابت ہو گیا کہ اے این پی صوبہ میں خواتین کی تعلیم کے خلاف ہے اور وہ صوبہ کے بچیوں کو جہالت کے اندھیرے میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت "تعلیم سب کیلئے " کے ایجنڈے پر گامزن ہے اورصوبہ کی روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین کیلئے علیحدہ اعلیٰ جامعات قائم کررہے ہیں لیکن عوامی نیشنل پارٹی تعلیم دشمن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، یہ وہ جماعت ہے جس نے اپنے دور اقتدار میں شعبہ تعلیم کے نام پر عوام کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا تھا لیکن موجودہ صوبائی حکومت فروغ تعلیم اور بالخصوص خواتین کے حصول تعلیم کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -