سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ گولز ٹاسک فورس فعال بنانے کیلئے اقرارداداسمبلی میں پیش کی جا ئیگی، عارف یوسف

سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ گولز ٹاسک فورس فعال بنانے کیلئے اقرارداداسمبلی میں پیش ...

پشاور( پاکستان نیوز)سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ گولز ٹاسک فورس خیبر پختونخواکا ایک اجلاس ٹاسک فورس کے کنونیر اور وزیر ا علیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے محکمہ قانون عارف یوسف ایڈوکیٹ کی زیر صدارت جمعہ کے روز خیبر پختونخوا اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ٹاسک فورس کے ممبران و اراکین اسمبلی جعفر شاہ،نور سلیم ملک،عسکر پرویز،محترمہ نگینہ خان کے علاوہ یو این ڈی پی کے نمائندے قریش خان اور نویدہ نذیر سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں یو این ڈی پی کے پروگرام پائیدار ترقیاتی مقاصد(sustainable development goals)ایس ڈی جیز کے حصول اور ٹاسک فورس کے کردار پر تفصیلی بحث کی گئی اور ایس ڈی جیز ٹاسک فورس خیبر پختونخواکے کردار کو فعال بنانے کیلئے شرکاء نے بعض تجاویز پیش کیں اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔یو این ڈی پی کے الیکشن اور پارلیمنٹ سپشلسٹ قریش خان اور نویدہ نذیر نے ایس ڈی جیزکے اغراض و مقاصد کے بارے میں اجلاس کو بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد دنیا کے170سے زائد ممالک میں 2030تک غربت اور افلاس کے خاتمے اور صحت ،تعلیم سمیت دیگر دیر پا ترقیاتی مقاصد کا حصول ممکن بنانا ہے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت عوامی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو مضبوط اور فعال بنانا ہے اس سلسلے میں یو این ڈی پی دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی بھرپور کام کر رہا ہے اور تمام صوبوں کو تکنیکی تعاون بھی فراہم کر رہا ہے۔اجلاس کو ایس ڈی جیز کے تحت مقررہ17مقاصد کے حصول میں اب تک ہونیوالی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے صوبے میں بڑے مسائل کے حل کیلئے ٹاسک فورس اوردیگر اداروں کے مل کر کام کرنیکی تجویز بھی پیش کی اور اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ ا سمبلی میں ٹاسک فورس کے کردار کو فعال بنانے کے لئے اسمبلی میں قرار داد پیش کی جائے گی۔اس کے علاوہ شرکاء کی جانب سے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کی قائمہ کمیٹی اور ٹاسک فورس کا مشترکہ اجلاس منعقد کرنیکی بھی تجویز پیش کی گئی تاکہ پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کیساتھ مستقبل کیلئے لائحہ عمل مرتب کیاجاسکے۔اجلاس نے سفارش کی کہ دیر پا ترقیاتی مقاصد کے حصول کیلئے مقامی حکومتوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے تاکہ نچلی سطح پر بھی عوام کے مسائل حل کئے جاسکیں اور انہیں بھی ترقی کی دوڑ میں شامل کیا جا سکے ۔ ایس ڈی جیزٹاسک فورس کے کنوینر اور معاون خصوصی عارف یوسف نے عوام کے مسائل کے دیر پا حل اور ترقیاتی مقاصد حاصل کرنے میں یو این ڈی پی کے تعاون اور کردار کو بھرپور سراہااور عوامی نمائندوں پر بھی زور دیا کہ و ہ ٹاسک فورس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ا پنا بھرپور کردار اداکریں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...