لاہور چیمبر کے انتخابات میں پیاف فاؤنڈرز الائنس نے کلین سویپ کر لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور چیمبر کے انتخابات میں شیخ عرفان اقبال اور میاں انجم نثار کی قیادت میں پیاف فاؤنڈرز الائنس نے کلین سویپ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور چیمبر کے ہونے والے انتخابات میں پیاف فاؤنڈرز الائنس نے ایسوسی ایٹ کلاس کی تمام نشستیں جیت لی ہیں ،2017-18 کے لئے لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر طاہر جاوید ملک ہونگے جن کا تعلق پیاف گروپ سے ہے جبکہ سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل ہونگے،ان دونوں کا تعلق فاونڈرز گروپ سے ہے ۔ ایسوسی ایٹ کلاس کے انتخابات میں8808میں سے 3342ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس کو 1795جبکہ بزنس مین فرنٹ کو 869پینل ووٹ ملے،28ووٹ تکنیکی بنیادوں پر مسترد کردئیے گئے ۔ پیاف فاﺅنڈرز الائنس کے فہیم الرحمن 2253، محمد نعیم حنیف 2162، محمد چودھری 2149، کلیم احمد 2098، ظفر اقبال 2096، چودھری اورنگزیب 2100، ڈاکٹر شاہد رضا1980جبکہ لاہور بزنسمین فرنٹ کے امجد چودھری 1238، میاں جاوید علی 1171، عثمان غنی 1060، ساجد عزیز میر 1025، شہزاد اسلم 982، محمد جاوید 1037، راجہ حسن اختر نے 1014 ووٹ حاصل کیے۔حتمی نتائج کا اعلان 29ستمبر کو سالانہ اجلاس عام میں کیا جائے گا جبکہ اگلے ماہ کے آغاز سے نئے عہدیدار اپنے عہدے باقاعدہ سنبھال لیں گے، یہ بات قابل ذکر ہے کہ کارپوریٹ کلاس کی آٹھ سیٹوں پر پیاف فاﺅنڈرز الائنس کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ میاں انجم نثار پیاف کے پیٹرن انچیف اور مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ کے صدر اور معرف بزنس مین شیخ عرفان اقبال چیئرمین ہیں۔