ڈینگی مہم کو موثر بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو بھی ساتھ ملائیں گے،کرنل مبشر
لاہور(جنرل رپورٹر) مئیر لاہور کرنل ریٹائرڈ مبشرجاوید کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ، محرم الحرام کے دوران انتظامی امور کو بہتر جبکہ ڈینگی مہم کو موثر بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں کو ساتھ لیکر چلنے کا فیصلہ کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مئیر لاہور نے ٹاؤن ہال میں ہونے والے اجلاس میں کہا کہ محرم الحرام میں بہترین انتظامات کرنے ہیں جبکہ جلوس کے راستوں پر پیچ ورک، لائٹنگ ضروری ہے۔ تجاوزات کا خاتمہ ہرصورت کرنا ہے۔دوسرے اجلاس میں سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سعید اورڈپٹی چیف افسر گلبرگ فیصل شہزاد نے انسداد ڈینگی کے اقدامات کی صورتحال پر بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران پینڈنگ ڈینگی ویکٹر رپورٹ کے معاملے پر پی ایچ اے اور ایل ڈبلیو ایم سی کی طرف سے عدم تعاون کی شکایات کی گئی۔اجلاس میں ڈپٹی مئیرز کی یو سی چئیرمینوں کے ساتھ ہفتے میں ایک میٹنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ طے پایا کہ تمام ڈپٹی مئیرز اپنے زونز کے یوسی چیئرمینوں اور سیکرٹریز کے ساتھ انسداد ڈینگی اجلاس کریں گے۔ اجلاس میں ڈی ڈی او ہیلتھ اور اینٹامالوجسٹ موجود ہوں گے۔مئیرلاہور کا کہنا تھاکہ سب کو انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کرنے ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے کے ساتھ بیٹھ کر لائحہ عمل طے کروں گا کیونکہ ڈینگی کو ختم کرنا ہے۔میئر لاہور کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے انتظامات اور انسداد ڈینگی اقدامات کا مسلسل اور لمحہ بہ لمحہ جائزہ وہ خود لیں گے۔ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اجلاسوں میں سپیکر میٹروپولیٹن کارپوریشن میاں محمد طارق، ڈپٹی مئیرز راؤ شہاب الدین، نذیر سواتی، مشتاق مغل، حاجی اللہ رکھا اور بلال چوہدری سمیت چیف آفیسر ایم سی ایل محمود مسعود تمنا، پی ایس او ٹو مئیر میاں وحیدالزماں، ڈائریکٹر ایڈمن امین اکبر زونز کے افسران نے شرکت کی۔