قومی ٹیم کا اعلان ، یاسر اور اظہر شامل ، رضوان اور احمد شہزاد ڈراپ

قومی ٹیم کا اعلان ، یاسر اور اظہر شامل ، رضوان اور احمد شہزاد ڈراپ
 قومی ٹیم کا اعلان ، یاسر اور اظہر شامل ، رضوان اور احمد شہزاد ڈراپ

  


لاہور(سپورٹس رپورٹر)سری لنکا کے خلاف پاکستان کے 16 رکنی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔سرفراز احمد پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔سری لنکا کیخلاف متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ فٹنس پر شکوک کے باوجود یاسر شاہ کو شامل کرلیا گیا جبکہ گھٹنے کی انجری سے مکمل بحالی کیلئے کوشاں اظہر علی بھی ٹیم کے ہمراہ ہونگے۔ احمد شہزاد اور محمد رضوان کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کیا جس میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، شان مسعود، سمیع اسلم ، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، عثمان صلاح الدین، یاسر شاہ، محمد اصغر، بلال آصف شامل ہیں۔ کیمپ میں موجود چاروں پیسرز میر حمزہ، محمد عامر، محمد عباس، وہاب ریاض اور حسن علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کھلاڑی ریٹائر ہونے والے تجربہ کار کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کا خلا پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے ٹیم کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو بتایا گیا ہے کہ سلیکشن کیلئے فٹنس ٹیسٹ پاس کرنا ضروری ہے، یاسر شاہ کو بھی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے کیلئے کہا تھا اور اب انہوں نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کر لیا ہے، لیگ اسپنر گزشتہ تین چار سال سے پاکستان کے کامیاب ترین بولر ہیں، یو اے ای کی بیٹنگ کنڈیشنز میں بھی وہ پاکستان کیلئے کافی سازگار ثابت ہوئے ہیں، اظہر علی کو گھٹنے کی تکلیف تھی، ڈاکٹر نے انجکشن لگوا کر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ جس کو سلیکٹ کیا ہے اس کو موقع دینا چاہیے، ہم نوجوان کھلاڑیوں کو آزما رہے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ سینئرز کو سائیڈ لائن کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان صلاح الدین اور حارث سہیل پچھلی کچھ سریز سے ٹیم کے ساتھ جا رہے ہیں لیکن انہیں موقع نہیں ملا ، یو اے ای میں چونکہ کنڈیشنز ہماری ہیں تو اس لیے ہم انہیں بھی موقع دیں گے۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ یو اے ای کی کنڈیشنز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے، ہمارے پاس اچھے فاسٹ بولرز موجود ہیں، فاسٹ بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے اور نئے پیسرز بھی شامل کیے گئے ہیں جس سے بولنگ کا شعبہ مضبوط ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں شیڈول کیا گیا ہے لیکن اس کا انحصار سکیورٹی کی صورتحال پر ہوگا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی