ا نڈور گیمز ، پاکستان کوسنوکر پری کوارٹر فائنل میں میانمار سے شکست
اشک آباد (نیٹ نیوز ) پاکستانی ٹیم پانچویں ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز مینز سنوکر ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی، میانمار نے گرین شرٹس کو 3۔1 سے شکست دی۔ اشک آباد، ترکمانستان میں جاری میگا گیمز میں کھیلے گئے مینز سنوکر ٹیم ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے پہلے میچ میں میانمار کے کیوئسٹ ٹیٹ کو نے پاکستان کے اسجد اقبال کو زیر کر کے ٹیم کو برتری دلائی، دوسرے میچ میں میانمار کے موئی تھو نے محمد سجاد کو ہرا کر ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، ڈبل مقابلے میں بلال اور اسجد پر مشتمل پاکستانی جوڑی نے حریف جوڑی کو ہرا کر مقابلہ 2۔1 کر دیا، چوتھے میچ میں ٹیٹ کو نے سجاد کو ہرا کر ٹیم کو 3۔1 سے کامیابی دلائی۔ سنگلز ایونٹ کا آغاز آج سے ہو گا، پاکستانی کیوئسٹس محمد سجاد اور اسجد اقبال ایکشن میں دکھائی دیں گے۔