جاپان اوپن بیڈمنٹن،عالمی نمبر ایک سن وان ہو کو شکست

جاپان اوپن بیڈمنٹن،عالمی نمبر ایک سن وان ہو کو شکست

ٹوکیو (نیٹ نیوز) لی چانگ وائی اور وکٹر ایکسل سین جاپان اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے، عالمی نمبر ایک سن وان ہو شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئے۔ جاپان میں جاری ایونٹ میں ہفتے کو کھیلے گئے سیمی فائنلز میں ڈنمارک کے سٹار کھلاڑی وکٹر ایکسل سین جنہوں نے گزشتہ ماہ گلاسگو میں منعقدہ ورلڈ چیمپئن شپ میں چین کے لین ڈان کو ہرا کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا نے عالمی نمبر ایک کورین کھلاڑی سن وان ہو کو 21-16 اور 21-16 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، فائنل میں انہیں ملائیشین کھلاڑی لی چانگ وائی کا چیلنج درپیش ہو گا، چانگ وائی کو چھ مرتبہ جاپان اوپن کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، چانگ وائی نے حریف چینی کھلاڑی شی یوکی کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔سپین کی کھلاڑی کیرولینا مارین اور چین کی ہی بنگ جیاؤ ویمنز سنگلز فائنل میں پہنچ گئیں۔ سیمی فائنل میں اسپینش کھلاڑی کیرولینا میزبان ملک کی کھلاڑی نوزومی اوکو ہارا کے خلاف فتح یاب قرار پائیں، اوکو ہارا گھٹنے کی انجری کے باعث سیمی فائنل سے دستبردار ہوئی تھیں جس کی وجہ سے کیرولینا فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں، دوسرے سیمی فائنل میں چینی کھلاڑی ہی بنگ جیاؤ نے یوفائی کو ہرا کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی