پی ٹی آئی ،ایم کیو ایم میں خورشید شاہ کو ہٹانے پر اتفاق

پی ٹی آئی ،ایم کیو ایم میں خورشید شاہ کو ہٹانے پر اتفاق

کراچی(اے این این ) تحریک انصاف اور ایم کیوایم میں نئے چیئرمین نیب کی تقرر ی سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کو ہٹانے پر اتفاق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماں نے فوری باہم ملاقات پر اتفاق کیا ۔شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کا وفد ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کیلئے کراچی پہنچے گا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، عمران اسماعیل اور فردوس نقوی بھی وفد کا حصہ ہوں گے۔ ملاقات 26ستمبرکی شام سات بجے ہوگی جس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق نیب کے موجودہ چیئرمین قمرالزمان چودھری ریٹائر ہورہے ہیں اور اگلے ماہ نئے چیئرمین کا تقرر کیا جائے گا۔قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی تبدیلی کا فیصلہ بھی آئندہ چیئرمین نیب کے تقرر کے باعث کیا گیا ،کیونکہ آئین کے مطابق قومی احتساب بیورو کے سربراہ کی تقرری وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے پاتی ہے تاہم اس مرتبہ پاکستان تحریک انصاف کی مکمل کوشش ہے کہ وہ ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کو ساتھ ملا کر اپنا اپوزیشن لیڈر لائے اور چیئرمین نیب کی تقرری میں اپنی مرضی و منشاء کے مطابق کرواسکے۔

مزید : علاقائی