سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کمشنرز کی تعداد بڑھانے کا اقدام چیلنج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)سابق چیئرمین ظفر حجازی کی سفارشات پرسیکیورٹیزاینڈ ایکسچینج کمشن کے کمشنرز کی تعداد بڑھانے کے اقدام کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔یہ درخواست شہری منیر احمد کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے سابق چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کی سفارشات پر ایس ای سی پی کے کمشنرز کی تعداد 4سے بڑھا کر 7کر دی ہے، ظفر حجازی کی طرف سے یہ اقدام شریف خاندان کی بدعنوانیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے کیا گیا ہے، اضافی کمشنرز دوران ڈیوٹی شریف خاندان اور بالخصوص اسحاق ڈار کی ناجائز دولت کا تحفظ کریں گے ، درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ایس ای سی پی کے کمشنرز کی تعداد بڑھانے سے قبل وفاقی کابینہ سے منظوری نہیں لی جو سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے جبکہ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان ایکٹ بھی بورڈ کی منظوری کے بغیر کمشنرز کی تعداد بڑھانے کی اجازت نہیں دیتا ،ایس ای سی پی کے کمشنرز کی تعداد بڑھانے کا نوٹیفکیشن کالعدم کیا جائے۔