پٹرول بحران جاری، شہری پریشان، ملک میں صرف 3روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا

پٹرول بحران جاری، شہری پریشان، ملک میں صرف 3روز کا ذخیرہ باقی رہ گیا

لاہور(کامرس رپورٹر)پٹرول بحران ایک بار پھر سر اٹھانے لگا ۔شہر کے کئی پٹرول پمپس میں پٹرول نایاب ہو گیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں پٹرول کی قلت میں اضافہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں پٹرول کی شدید قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے اور ملک میں صرف 3 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ باقی ہے۔پٹرول کی قلت کے باعث شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پٹرول کی قلت میں اضافہ کے باعث شہر کے کئی پٹرول پمپس میں پٹرول نایاب ہو گیا اور اگر کہیں مل بھی رہا ہے تو وہاں شہریوں کی لمبی قطاریں لگی نظر آتی ہیں۔پٹرول بحران کے پیش نظر شہری بھی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ حکومت مسئلہ کو سنجیدگی سے حل کرے پٹرول کی قلت کے باعث روز مرہ کے کام بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔پٹرول پمپس مالکان کا کہنا ہے کہ سپلائی پوری نہ ملنے سے قلت پیدا ہوئی ہے جبکہ کئی پٹرول پمپس پر پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی گزشتہ تین روز سے بند ہے ۔پٹرول ڈیلرز کا کہنا ہے کہ ملک میں صرف3 روز کیلئے پٹرول کا ذخیرہ باقی رہ گیا جبکہ قانون کے مطابق ملک میں20 روز کا ذخیرہ ہونا ضروری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں طلب کے برعکس 30 سے 40 فیصد پٹرول فراہم کیا جارہا ہے جس کی وجہ پی ایس او نے مالی بحران کے باعث کمپنیوں نے پٹرول خریداری کے آرڈر میں تاخیر کی جبکہ شیل کمپنی نے لاجسٹک کپیسٹی کم کر دی ہے۔

پٹرول بحران

مزید : صفحہ آخر