بھارت کو اس کی زبان ہی میں جواب دیں گے، عمران خان اور شیخ رشید ستیا ناس بریگیڈ کے کمانڈر ہیں: احسن اقبال

بھارت کو اس کی زبان ہی میں جواب دیں گے، عمران خان اور شیخ رشید ستیا ناس بریگیڈ ...

سیالکوٹ، نارووال(بیورورپورٹ، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں ) وفاقی وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے عمران چندہ جمع کرنے کے ماہر ہیں،18ء میں حکومت بنانے کے بعد عمران کو چندہ جمع کرنے کی وزارت دیں گے، پاکستان کے نوجوانوں کو ورغلانے بہت بہروپئے آئے لیکن نوجوانوں نے ان بہروپیوں کو مسترد کر دیا کیونکہ کسی اناڑی کے ہاتھ میں بیس کروڑ عوام کی تقدیر نہیں دی جا سکتی،انتخابات میں ٹانگیں کھینچنے والوں کی ضمانتیں ضبط ہونگی۔ مسلم لیگ ن پاکستان کی ترقی کی جنگ لڑ رہی ہے ،اس ملک کے نوجوان پاکستان کا دل اور مستقبل ہیں ، عمران خان اور شیخ رشید بیڑہ غرق اور ستیا ناس تحریک کے کمانڈر ہیں ۔ورکنگ بانڈ ر ی کی رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنا کر رعب جمانا بھا ر ت کی بھول ہے،وہ جس زبان میں بات کرے گا اسی زبان میں جواب دینا جانتے ہیں ، جب بھی مسئلہ کشمیر کو عا لمی سطح پر اجاگر کیا جاتا ہے تو بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن بھارت یہ جان لے کسی بھی ظلم کے ذریعے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھا ر تی مظالم کیخلاف آواز فرض سمجھ کر اٹھاتا رہے گا

ان خیالات کا اظہاروفاقی وزیر داخلہ نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری کے دورہ اور بعد ازاں نارووال میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انکامزید کہنا تھا پاکستان کی ترقی کا دوسرا نام مسلم لیگ ن ہے کیونکہ ن لیگ کا نظریہ ترقی ہے ،جرمنی اور فرانس کی مثالیں دینے والے عمران خان نے خیبر پختونخوا میں سکولوں اور ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے کیا وہ بتا سکتے ہیں جرمنی و فرانس جیسے کتنے سکول و ہسپتال بنا ئے ہیں، لیکن میں چیلنج کرتا ہوں عمران خان ڈی ایچ کیونارووال جیسا ایک بھی ڈسڑکٹ لیول کا ہسپتال کے پی میں دکھا دیں۔ چار سال پہلے منظور کئے گئے پشاور میٹرو بس منصوبہ کا ایک پہیہ بھی سڑک پر نہیں آسکا ، لیکن شہباز شریف نے گیارہ ماہ میں میٹرو چلا دی یہی تجربے کا فرق ہے، عوام جانتے ہیں 1993 سے لیکر آج تک ملک میں ترقی کے جتنے بڑے منصوبے بنے ان پر نواز شریف اور مسلم لیگ ن کی مہر ثبت ہے۔البتہ چندہ اکٹھا کرنے میں عمران کا کوئی ثانی نہیں لیکن جو کام نہیں آتا، عمران اس میں ٹانگ نہ اڑائیں۔ جلنے والے جلتے، دھرنے والے سٹرکوں پر بیٹھے رہیں گے ،ہمارا قافلہ منزل کی طرف بڑھتا رہے گا، اسی کامیابی کو دیکھ کر عمران کو اپنی ناکامی نظر آ رہی ہے، اگلے الیکشن میں ٹانگیں کھینچنے والوں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ اب عمران کے جلسے بھی سکڑنے لگ گئے ہیں کیونکہ قوم کو کنٹینر پر چڑھ کر رونے والوں کی ضرورت نہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے وزیر قانون زاہد حامد کے ہمراہ گزشتہ دنوں بھارتی دہشتگردی سے ورکنگ باؤنڈری کے چاروہ ،ہڑپال اور چپڑیال سیکٹرز کے شہری آبادی والے علاقوں میں شہید ہونیوالے شہریوں رانا وسیم احمد ،شکیلہ بی بی ،مریم بی بی،مریم محمود اورسکیورٹی اہلکارکے ورثا سے اظہار تعزیت کی اور شہدا کے ورثا کو حکومت کی طرف سے 5,5لاکھ اور چناب رینجرز کی طرف 50,50ہزار روپے امداد کا اعلان کیا گیا،وفاقی وزراء نے سی ایم ایچ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کی جبکہ ورکنگ باؤنڈری پر شہریوں کے تحفظ کیلئے 50 بنکرز بنانے اور متاثرہ خاندانوں کیلئے معا و ضے کے پیکج کا اعلان بھی کیااور کہا وزیر اعظم وطن واپسی پر اس کا باضابطہ اعلان کر ینگے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا چاروہ سیکٹر میں ریسکیو 1122کا سنٹر قائم کیا جائے گا جبکہ بنیادی مرکز صحت میں بھی تمام سہویات اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا گیا ہے ۔اس موقع پر لوگوں نے پاکستان ،پاک فوج زندہ باد اور پاکستان رینجرز پائیندہ باد کے نعرے لگائے۔

احسن اقبال

مزید : صفحہ آخر