عوام کی سہولت کیلئے ہسپتالوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں:شہرام ترکئی

عوام کی سہولت کیلئے ہسپتالوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں:شہرام ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)سینئیر وصوبائی وزیرصحت شہرام خان ترکئی اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ ہم اپنے پارٹی قائد عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور صوبے بھر میں تمام بڑے اور چھوٹے ہسپتالوں میں عوام کو بہترین طبی خدمات کی فراہمی اور ہسپتالوں کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کررہے ہیں جس کے نتائج سب کے سامنے ہیں ۔اسی وژن کے تحت آج مردان میڈیکل کمپلکس میں نئے تعمیرکردہ فارمیسی سٹور حال ہی میں اپ گریڈ کئے گئے ایکسیڈنٹ ایمر جنسی سنٹراور میڈیکل بی وارڈ کا افتتاح کیا گیا ہے جس سے یقینی طور پر نہ صرف مردان بلکہ منسلکہ دیگر اضلاع کے عوام کو صحت کی سہولیات میسر آگئیں ہیں ۔وہ ان منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ،ایم ایم سی کے بورڈ آف گورنرز کے چئیرمین پروفیسر ڈاکٹر فضل ہادی ، ایم پی اے عبید مایار،بورڈ کے ارکان، ہاسپیٹل و میڈیکل ڈائر یکٹرز اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مردان میڈیکل کمپلکس میں انفرا سٹرکچر کی بہتری ، طبی آلات کی خریداری اور مریضوں کو سہولیات کی فراہمی کے صوبائی حکومت نے 82کروڑ روپے کا پیکج دیا ہے جس کے پہلے مرحلے میں بیس کروڑ روپے کی لاگت ان منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ ایم ایم سی میں نئے فئیر پرائس فارمیسی سٹور کا قیام مریضوں اور ان کے لواحقین کے لیے ایک اہم اضافہ ہے جہاں ان کو دس فیصد رعایت کے ساتھ اچھی اور معیاری ادویات دن رات مہیا کی جائیں گی ۔اُنہوں نے کہا کہ ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی یونٹ کی حالت بہت بری تھی اور جس انداز سے اس کو ازسر نو ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس کی تزئین وآرائش کی گئی ہے اور یہاں انتہائی نگہداشت کا جو وارڈ بنایا گیا ہے وہ بجا طور حادثات اور آفات کی صورت میں مریضوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے جس سے اب لوگوں کی جان بچانے کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔اُنہوں نے ایم ایم سی کے بورڈ ممبران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں اعلیٰ ترین ریکارڈ کے حامل تجربہ کار افراد شامل ہیں جو بغیر کسی معاوضے کے اپنی قیمتی خدمات مردان اور خیبر پختونخوا کے عوام کی خدمت کے لیے انجام دے رہے ہیں ،اُنہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ترقی کا یہ عمل مرحلہ وار جاری ہے اور اس کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا ۔ محمد عاطف خان اور شہرام خان ترکئی نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ صوبے کے اس اہم طبی ادارے میں مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں کیونکہ خالی اچھی عمارتیں اور آلات اگر لوگوں کے کام نہ آئیں تو ان کی کوئی افادیت باقی نہیں رہتی ،اُنہوں نے توقع ظاہر کی کہ بہترین عمارت ، اچھے حالات کاراور جدید سہولیات سے یقینی طور پر ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کے رویے میں بھی بہتری آئے گی اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو نگرانی کے مؤثر نظام کے ذریعے ایسے عناصر کا محاسبہ کیا جائے گا ۔ وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وہ اور عاطف خان باقاعدگی سے ایم ایم سی آتے رہیں گے تاکہ یہاں عوام کو صحت کی اچھی سہولتوں کی فراہمی جاری رہ سکے ۔۔۔

مزید : کراچی صفحہ اول