چکوال،اے ڈی سی جی کا میڈیکل سٹور مالکان کا مقدمہ ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل چکوال شجاع قطب بھٹی نے ایک میڈیکل سٹور مالکان کا مقدمہ ڈرگ کورٹ بھیجنے کا حکم دیدیا۔ اس امر کا فیصلہ ہفتے کے روز ڈی سی آفس میں ان کی زیر صدارت ہونے والے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ چکوال سید امجد علی شاہ، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ جلال ربانی کے علاوہ ڈرگ انسپکٹر صاحبان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں آٹھ میڈیکل سٹور مالکان کے کیسز پیش کیے گئے۔ جن میں بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی، زائد معیاد، نمبر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے ایسے الزامات تھے۔ اجلاس میں ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی کر مرتکب میڈیکل سٹور مالکان کوبلا کر فرداً فرداً ان کا موقف سنا گیا اور کوالٹی کنٹرول بورڈ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں ایک میڈیکل سٹور کا مقدمہ ڈرگ کورٹ بھیجنے، تین کو وارننگ جاری کرنے اور چار میڈیکل سٹور مالکان کو اگلی پیشی پر حاضر ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ اے ڈی سی جی چکوال نے کوالٹی کنٹرول بورڈ اور ڈرگ انسپکٹر صاحبان کو واضع ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ایکٹ پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔