جرائم کے خاتمہ میں عوام پولیس سے تعاون کریں ،ایس پی او شانگلہ

جرائم کے خاتمہ میں عوام پولیس سے تعاون کریں ،ایس پی او شانگلہ

الپوری(ڈسٹرکٹ رپورٹر) شا نگلہ کے سرکل پولیس افسرامجدعلی خان نے کہا ہے کہ طاقتور صرف اللہ تعالیٰ کی ذات ہے ۔دنیا میں کوئی طاقتور نہیں ہے قانون کی نظر میں سب برابر ہے۔قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے عوام الناس جرائم کے خاتمے اور امن کی بحالی کے لئے پولیس سے تعاون کریں تاکہ جرائم پیشہ افراد کا قلع قمع ہوسکے اور ہمارا علاقہ امن کا گہوارہ بن جائے ۔علماء کرام محرم الحرام کے حوالے سے اسلامی بھائی چارے کا پیغام دیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ہفتہ کے روز تھانہ کروڑہ کے ایک اعلیٗ سطح اجلاس سے اپنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس ایچ او تھانہ کروڑہ بخت ظاہر خان ، ناظمین ،علماء کرام و دیگر معززین علاقہ کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امجد علی خان نے کہا کہ علماء کرام کو معاشرے کی اصلاح مثلاجھو ٹ پر مبنی دعویداری کے بارے میں اسلامی احکامات اور اسکے مضر اثرات ،جھو ٹی شہادت کے مضر اثرات ،حقوق العباد اور اسکے حوالے سے اسلامی احکامات ،زنا ،قتل ،اور چوری کے مضر اثرات اور اسکے دنیاوی ،اخروی نقصانات ،نشہ کی ممانعت اور اسکے حوالے سے اسلامی احکامات اور پبلک مقامات میں رکاوٹوں کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردارادا کریں۔ ضلع بھر سے منشیات فروشی ،جوابازی،ہوائی فائرنگ،سود خور،انڈرپلئی اور جرائم پیشہ افرادکے خاتمے کاتہیہ کر رکھا ہے جسکے لئے عوام کا تعاون ازحد ضروری ہے اگر عوام تعاون کریں تو بہت جلد شانگلہ ضلع امن کا گہوارہ بن جائے گا۔ اس موقع پرانہوں نے اپنا شکایت موبائل نمبر بھی دیااور کہاکہ کسی بھی جگہ غیر قانونی سرگرمیاں نظر ائے بروقت اطلاع دیں اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کابھی کھڑا احتساب کیا جائے گا۔اچھی کارکردگی کے حامل پولیس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ انہیں انعامات اور توصیفی اسناد سے بھی نوازا جائے گا۔جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں سزا وجزا کاعمل جاری رہے گاانہوں نے کہا کہ شریف لوگوں کے لئے میرے دفتر کے دروازے کھلے رہینگے وہ بلاخوف و خطرے میرے دفتر اسکتے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر