عورتیں مردوں سے بچ سکتی ہیں

عورتیں مردوں سے بچ سکتی ہیں
عورتیں مردوں سے بچ سکتی ہیں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کچھ عرصے سے ہندوستان میں خواتین کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑی تعداد میں پیش آرہے ہیں۔ جبکہ خواتین کو ہراساں کرنے، جملے کسنے اور گھورنے وغیرہ کا معاملہ تو اتنازیادہ ہے کہ وہ کسی اعداد وشمار کی گرفت میں نہیں آسکتا۔ اس طرح کے واقعات کے پیچھے ہندوستانی مردوں کا یہ ذہن کام کرتا ہے کہ جو خواتین خود کو نہیں ڈھانک کررکھتیں وہ مردوں کو اس طرح کی چیزوں پر خود ہی آمادہ کرتی ہیں۔ چنانچہ اس سوچ کے ردعمل میں ہندوستان میں ایک مقبول تحریک یہ پیدا ہوگئی ہے کہ خواتین جیسا چاہے لباس پہنیں، یہ ان کا حق ہے۔ چنانچہ مردوں کو اپنی یہ سوچ بدلنا چاہیے کہ وہ انھی خواتین کی عزت کریں گے یا تحفظ دیں گے جو خود کو ڈھانک کر رکھیں گی۔ یہ وہی نقطہ نظر ہے جو مغرب میں رائج ہے اور جس کی بنا پر خواتین کسی بھی طرح کا لباس پہنیں ، عام حالات میں مغرب میں کوئی ان کو گھور کر نہیں دیکھتا۔ایسا کرنا سماجی طور پر بہت معیو ب سمجھا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا کے زیر اثر ہندوستان میں جاری اس تحریک کے اثرات اب ہمارے معاشرے پر بھی ہورہے ہیں۔ مگراس سے یک طرفہ طور پر یہ ذہن بنتا ہے کہ مردوں کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے لیکن خواتین کے لیے کسی قسم کی کوئی حدود نہیں ہیں۔ وہ جو چاہیں پہنیں اور جس طرح چاہے رہیں، یہ ان کا حق ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ اپنی نوجوان نسل کے سامنے اسلام کا نقطہ نظر پیش کیا جائے جو ایک انتہائی متوازن نقطہ نظر ہے۔

اسلام کی تعلیمات مذکورہ تحریک کے اس پہلو سے تو پوری طرح اتفاق کرتی ہے کہ خواتین کا لباس جیسا بھی ہو، مردوں کو اپنی نگاہوں کی حفاظت خود کرنا ہوگی۔ یہ کہ خواتین کے لباس سے قطع نظر ان کو اپنے جذبات و احساسات پر خود کنٹرول کرنا ہوگا اور اپنے لباس کو پاکیزہ رکھنا ہوگا۔ان تعلیمات کو اصطلاحًاغض بصر اور حفظ فروج کہا جاتا ہے۔ ہمارے برصغیر میں جہاں مردوں کا تصور ہی یہی ہے کہ جو خواتین خود کو نہ ڈھانکیں ، ان کودیکھنا، چھیڑنا وغیرہ ہمارا حق ہے، اسلامی تعلیم کے اس پہلو کو نمایاں کرنے کی بہت ضرورت ہے۔ ہم بھی اپنے معاشرے کے مردوں کی اصلاح کی غرض سے اس چیز پر خاص طور پر توجہ دلاتے رہتے ہیں۔

مگر ساتھ میں یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ اسلام نے خواتین کو غض بصر اور حفظ فروج کے یہی احکام دے کر ان سے مزید یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ وہ اپنے نسوانی حسن اور ذوق آرائش دونوں کو اجنبی مردوں کے سامنے نمایاں نہ کریں۔ یہاں اہل مغرب اور اہل ہند سے اسلام کا اختلاف شروع ہوتا ہے۔ اسلام یہ نہیں کہتا کہ مرد تو اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور خواتین کو ہر طرح کالباس پہننے کی مکمل آزادی ہے۔ اسلام کا نقطہ نظر یہ ہے کہ دونوں فریقوں کو اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئیں۔ یہ صالح معاشرے کی بنیادی شرط ہے۔

خواتین کے لباس کے حوالے سے مسلمان اہل علم میں ابتدا ہی سے اختلاف چلے آرہے ہیں۔ ایک نقطہ نظر وہ ہے جسے سعودی عرب میں دیکھا جاسکتا ہے۔ دوسرا وہ ہے جو ملائشیا وغیرہ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن سخت نقطہ نظر کو چھوڑ کر نسبتاً نرم نقطہ نظر کو بھی اختیار کرلیا جائے تب بھی وہ خواتین کواپنی زینت اور نسوانیت دونوں کی نمائش سے روکتا ہے۔ وہ بے حجابی، جسم کی نمائش اور عریانی کے ہر شائبے سے دور رہنے کی تلقین کرتا ہے۔ چنانچہ اسلامی تعلیمات اپنی ہر تعبیر اور توجیہ میں بہرحال مغرب اور ہندی تہذیب کی روایات سے ایک مختلف جگہ پر کھڑی ہیں۔

یہ وقت کی ضرورت ہے کہ اسلامی تعلیمات کے اس امتیاز اور توازن کو نمایاں کیا جائے ۔ کیونکہ اسلامی تعلیمات کا یہی وہ توازن ہے جو پاکیزہ معاشرت کا ضامن ہے اور اسی کی ہمیں اپنی نوجوان نسل کو تلقین کرنا چاہیے۔یہ نہیں کیا جائے گا تو آخر کارمرد سماجی دباؤ میں آکراپنی نگاہیں نیچی کرلیں گے، مگر خواتین کی دنیا و آخرت ویسے ہی خطرے میں رہیں گی جیسے پہلے تھیں۔

 ۔

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -