Control+Alt+Deleteونڈوز استعمال کرتے آپ نے یہ بٹن تو اکثر دبائے ہوں گے، لیکن اب بِل گیٹس نے ان کے بارے میں وہ انکشاف کر دیا جو بات ہم بچپن سے سوچتے تھے
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) جب کبھی کمپیوٹر ایک جگہ رک جائے، براﺅزر کام کرنا چھوڑ دے، کوئی ٹاسک منیجر لانچ کرنا ہو یا دیگر ایسے کئی افعال کے لیے ہم اکثر Control+Alt+Delete کا استعمال کرتے ہیں۔ ہم بچپن سے ہی سوچتے آ رہے ہیں کہ آخر مائیکروسافٹ نے ان تینوں بٹنوں کو ایک ساتھ دبانے کی بجائے یہ کمانڈ کسی ایک بٹن پر ہی کیوں نہ رکھ دی؟ اب مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے اس کے متعلق حیران کن انکشاف کر دیا ہے۔ دی انڈیپنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے ایک تقریب میں ان تین بٹنوں کے مجموعے کے متعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے حیران کن جواب دیا کہ ”یہ ہماری غلطی تھی۔ اگر آج وقت پیچھے چلا جائے اور مجھے کچھ تبدیل کرنے کا موقع ملے تو میں Control+Alt+Delete کے مجموعے کو ختم کر کے یہ سہولت کسی ایک بٹن پر رکھ دوں گا۔“
رپورٹ کے مطابق ان تینوں بٹنوں کی پوزیشن کی بورڈ پر ایسی ہے کہ انہیں بیک وقت دبانے میں کافی دقت ہوتی ہے اور دونوں ہاتھوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے بل گیٹس کا مزید کہنا تھا کہ ”ہم ان تین بٹنوں کی جگہ ایک بٹن سے بھی یہ کام لے سکتے تھے لیکن جس شخص نے آئی بی ایم کی بورڈ ڈیزائن کیا وہ ایک بٹن پر یہ کمانڈ نہیں رکھنا چاہتا تھا۔ یہ ایک غلطی تھی۔“ رپورٹ کے مطابق یہ کمانڈ ڈیوڈ بریڈلے نامی شخص نے بنائی تھی۔ اس نے ایک بار بتایا تھا کہ ”یہ کمانڈ پانچ منٹ میں تیار کر لی گئی تھی اور شروع میں اسے صرف سافٹ ویئر کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم بعد میں اسے عام صارفین کے استعمال کے لیے بھی سافٹ ویئر میں شامل رہنے دیا گیا۔ اس کمانڈ کو ایجاد تو میں نے کیا تھا لیکن اسے مشہور بل گیٹس نے کیا۔“