صدر کاوی آئی پی پروٹوکول ،احتجاج کرنے والے شہری پر مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے، کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے والے ایک شہری کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق صدر مملکت کے قافلے کو گزارنے کے لئے گزشتہ رات 9 بجے شارع فیصل پر کار ساز کے قریب ٹریفک بند کی گئی تھی اس دوران نامعلوم شخص روکی گئی ٹریفک میں اپنی گاڑی کھڑی کر کے سب سے آگے نکل آیا اور ٹریفک روکنے والے پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ شخص خود ویڈیو بھی بنا رہا تھا جب کہ پولیس نے اس ویڈیو کی کاپی بھی حاصل کرکے میڈیا پر جاری کی ہے۔شہری نے پولیس کی جانب سے روکے جانے پر شہریوں کو کہا کہ وہ پولیس کے کہنے پر نہ رکیں، رکاوٹیں توڑ کر ٹریفک کھول دیں اور ملزم کے اکسانے پر کئی موٹر سائیکل سوار رکاوٹیں توڑ کر آگے نکل آئے۔ تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 488/18 میں دفعات 186 اور 353 ت پ عائد کی گئی ہیں۔دریں اثناصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پروٹوکول کے خلاف احتجاج کرنے والے شہری پر پولیس کی جانب سے دائر مقدمے کو مضحکہ خیر قرار دے دیا۔گزشتہ رات صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا پروٹوکول توڑنے، کار سرکار میں مداخلت اور شہریوں کو غلط کام پر اکسانے والے ایک شہری کے خلاف شارع فیصل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اب اس معاملے پر سامنے آگئے ہیں اور انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے پروٹوکول پر احتجاج کرنے والے شہری کے خلاف مقدمہ مضحکہ خیز ہے اور جب عوام کو مشکلات ہوں گی تو ایسا ہی رد عمل کا مظاہرہ کریں گے۔