شاہ محمود قریشی اور مائیک پومپیو میں ملاقات 2 اکتوبر کو ہوگی
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات 2 اکتوبر کو ہوگی۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سمیت عالمی اور علاقائی صورتحال پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے اور وزیر خارجہ کی امریکا میں چالیس سے زائد ملاقاتیں ہوں گی۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا تعلقات سے ہمیشہ امریکا نے فائدہ اٹھایا، لیکن اب ہم وہ کریں گے جو پاکستان کے مفاد میں بہتر ہوگا،ہماری پالیسی پاکستان ہے ،پاکستان صرف پاکستان،امریکا سے روابط برقرار رکھنے ہیں۔ ہماری جو ذمے داری ہے وہ نبھائیں گے، مگر کیا خطے میں ذمے داری صرف ہماری ہی ہے؟ان کامزید کہنا تھا کہ ہم امریکا کے ساتھ ساتھ چین سے بھی رابطے رکھیں گے، کیونکہ دونوں سے تعلقات اہم ہیں،ہم باہمی احترام اور برابری کی سطح پر خارجہ تعلقات چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 29 ستمبر کو نیویارک میں جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جس کے دوران عالمی امور پر پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔