لاہور ہائیکورٹ،عمران اور قادری کیخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے 2014کے دھرنے پر عمران خان اور طاہر القادری کےخلاف درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل دے دیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس انوارالحق کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ درخواستوں پر سماعت کرےگا، جس کے دیگر اراکین میں جسٹس فیصل زمان خان اور جسٹس عاطر محمود شامل ہیں۔
بنچ کے رکن جسٹس کاظم رضا شمسی کے ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے فل بنچ تحلیل ہو گیا تھا، 2014 میں عمران خان اور طاہر القادری کےخلاف درخواستیں اے کے ڈوگر سمیت دیگر نے دائر کی تھیں۔درخواستوں میں عوامی تحریک، جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی سمیت دیگر جماعتوں کو پارٹی بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان اور طاہر القادری نے لاہور سے اسلام آباد میں دھرنا دیا، انہوں نے طویل دھرنا دے کر توہین عدالت کی۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت عمران خان اور طاہر القادری کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔