”انسانی حقوق کی وزیر شریں مزاری نے اپنے گھر والوں کے انسانی حقوق ہی سلب کر لیے کیونکہ ۔۔۔“ سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب مزاری اکثر ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہوئی نظر آتی ہیں اور بعض اوقات وہ ایسی بات کر جاتی ہیں ٹویٹر پر بھی ہنگامہ برپا ہوتاہے اورکبھی کبھی تحریک انصاف کے خلاف ہی میدان میں اتر آتی ہیں جس کے باعث ملک میں بھی نئی بحث چھڑجاتی ہے تاہم اب نجی ٹی وی کے صحافی نے ٹویٹر پر شیریں مزاری اور ایمان زینب کے درمیان پیش آنے والے واقعہ کے بارے میں حیران کن دعویٰ کر دیاہے ۔
نجی ٹی وی 24 نیوز کے صحافی بشیر چوہدری نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ” مجھے اطلاع ملی ہے کہ وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اپنی بیٹی پر ٹویٹر اکاﺅنٹ ڈی ایکٹویٹ کرنے کیلئے دباﺅ ڈال کر اپنے گھر ہی میں آزادی اظہار رائے کا حق سلب کر دیاہے ۔“
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روزسوشل میڈ یا پر ایک صارف نے ایمان زینب سے سوال کیا کہ آپ نے ڈیم فنڈ میں کتنے پیسے جمع کرائے ہیں ؟ تو جواب میں ایمان زینب نے کہا ”صفر اور میں ڈیم فنڈ کے لیے ایک بھی روپیہ نہیں دوں گی کیونکہ میں اصولی طور پر اس آئیڈیا کی مخالفت کرتی ہوں کہ ہجوم قومی پراجیکٹ کے لیے فنڈ اکٹھے کریں ،میں ایسی کسی بھی چیز میں حصہ نہیں لوں گی جس کی وجہ سے دنیا میں میرے ملک کا مذاق بنے۔“