’سعودی عرب پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہیں کر رہا بلکہ ۔۔۔‘وزیر خزانہ نے اعلان کردیا

’سعودی عرب پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہیں کر رہا بلکہ ۔۔۔‘وزیر ...
’سعودی عرب پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری نہیں کر رہا بلکہ ۔۔۔‘وزیر خزانہ نے اعلان کردیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران کے دورہ سعودی عرب کے بعد سے میڈیا میں اس بات کا چرچا ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے والا ہے۔ یہ بہت اچھی خبر تو ہے مگر حقائق کے عین مطابق نہیں ہے۔
اخبار ’ایکسپریس ٹریبیون‘ کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے گزشتہ روز ایک جانب تو اچھی خبر سنائی کہ پاکستان اور سعودی عرب اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ملاقات میں ان شعبوں کا تعین کریں گے جن میں سعودی عرب سرمایہ کاری کرے گا، لیکن دوسری جانب یہ وضاحت بھی کہ سعودی عرب کتنی سرمایہ کاری کرے گا یہ ابھی طے نہیں ہوا بلکہ اس کا تعین بھی اسی ملاقات میں ہی ہو گا۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے حالیہ میڈیا رپورٹوں کو رد کیا جن میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب پاکستان میں 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، اس مفروضے کی وضاحت کرتے ہوئے کہ سرمایہ کاری کا حجم پہلے طے کیا جاچکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب کا مقصد اعلیٰ ترین سطح پر سعودی قیادت کے ساتھ معاہدے کرنا اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلق کو مزید مضبوط کرنا تھا۔
وزیر خزانہ نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ پاکستان کسی مالی ایمرجنسی کا شکار ہے جس کی وجہ سے اسے فوری طور پر آئی ایم ایف کی جانب بھاگنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ عنقریب آئی ایم ایف کی ایک ٹیم پاکستان آرہی ہے، تاہم وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم قرض کے متعلق بات چیت کرنے نہیں آرہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد اپنا ہوم ورک کرنا ہے تاکہ بعدازاں کسی مرحلے پر ہمیں اُن سے (آئی ایم ایف سے) رابطہ کرنا پڑے تو اس کی تیاری پوری ہو۔