کاروبار میں دھوکہ دینے والے مرد کے پیچھے پیچھے چینی خاتون پشاور پہنچ گئی اور پھر۔۔۔ وہ خبر جسے پڑھ کر کوئی بھی پاکستانی اس طرح دھوکہ دینے سے پہلے بار بار سوچے
بیجنگ(نیو زڈیسک) چین دنیا میں ہمارا سب سے اچھا دوست ہے، اور اب تو یہ ملک ہمارے ہاں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری یعنی پاک چین اقتصادی راہداری کا بھی آغاز کر چکا ہے۔ ایسے میں کوئی محب وطن پاکستانی کس طرح ایسی حرکت کا سوچ سکتا ہے کہ جس سے چینی عوا م کے دل میں ہمارے لئے تلخی پیدا ہو؟
بدقسمتی سے ایک پاکستانی شہری ایک ایسی ہی افسوسناک حرکت کرنے کے بعد چین سے پاکستان آ گیا ہے، اور اس کے فراڈ کا نشانہ بننے والی چینی خاتون اب اسے یہاں ڈھونڈتی پھرتی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والا شہری چینی خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر تین لاکھ ڈالر، یعنی تقریباً ساڑھے تین کروڑ پاکستانی روپے، کا فراڈ کر کے پاکستان آگیا ہے۔ ونگ لی نامی خاتون کا کہنا ہے کہ محمد شفیق نامی شخص نے ان سے کپڑے کی بھاری مقدار خریدی، لیکن اس کی ادائیگی نہیں کی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب بھی وہ رقم کے تقاضے کے لئے شفیق سے رابطہ کرتی ہیں تو وہ انہیں خطرناک دھمکیاں دیتا ہے۔
چینی خاتون نے زارو قطار روتے ہوئے کہا کہ ”میرا ویزہ ایکسپائر ہورہا ہے اور میرے پاس رقم بھی ختم ہوگئی ہے۔“ انہوں نے ایف آئی اے اور حکومت پاکستان سے مدد کی درخواست کی ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ پشاور کے علاقے حیات آباد سے ملزم شفیق کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بعد قانونی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔