ادویات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

   ادویات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

  

لاہور (نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے جان بچانے والی 94ادویات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے کی منظوری انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایسے فیصلے عوام کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر، مرگی، کینسر، دل کے مریضوں کے لیے تجویز کردہ سمیت دیگر ادویات کے نرخوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ 

یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں، گیلپ سروے کے مطابق اگلے چھ ماہ تک ملکی معیشت تنزلی کا شکار رہے گی۔ معاشرے میں پائی جانے والی تشویش اور اضطراب سے عوام میں مایوسی کے اندھیرے پھیلتے چلے جارہے ہیں۔ پاکستان عملاً مسائلستان بن چکا ہے۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ورچوئل خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کر نے کا مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کا کردار افسوس ناک ہے۔ ہندوستان نے 80لاکھ مسلمانوں کے حقوق کو غصب کررکھا ہے۔ محمد جاوید قصور ی نے چھوٹے مجرموں کو سزا اور بڑے مجرموں کو بری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل ذمہ داران دندناتے پھر رہے ہیں۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں لقمہ اجل بننے والوں کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اصل کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سر عام پھانسی دی جائے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -