بھارت پاکستان اندر کے انتشار کے بیج بورہا ہے،ہمیں اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرنا ہوگا:شاہ محمود

بھارت پاکستان اندر کے انتشار کے بیج بورہا ہے،ہمیں اتحاد بین المسلمین کا ...

  

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی نے کہا ہے کہ ہم پر نفسیاتی جنگ مسلط کی جا رہی ہے۔ بھارت پاکستان کے اندر انتشار کے بیج بو رہا ہے۔ ہمیں اس آگ سے پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لئے اپنا فرض نبھانا ہوگا۔ملتان میں درگاہ حضرت بہاء  الدین زکریا ملتانی کے 781 ویں عرس کے پہلے روز زکریا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت فیک نیوز کے ذریعے اور چند لوگوں کو خرید کر پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک نئی چال کے تحت پاکستان میں لسانی جذبات کو ابھارا جا رہا ہے۔ پاکستان کے دشمن ہمیں نیچا دکھانے کے لئے نئی سازشیں کر رہے ہیں۔ پاکستان کو محفوظ رکھنے کے لئے میڈیا اور دانشور اپنا کردار ادا کریں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس صورت حال میں ہمیں اتحاد بین المسلمین کا پرچار کرنا ہو گا، ہمیں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرنا ہوگا۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پر بری نظر رکھنے والا بھارت اب کسی اور کا شکار ہو چکا ہے۔ یہ اللہ تعالی کا خاص کرم ہے۔ بہت سے ممالک جو ہم سے زیادہ خوشحال ہوا کرتے تھے، آج وہ بدحال ہیں۔دوسری طرف پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ الوداعی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، پاک چین اقتصادی راہداری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین لازوال دوستی آج دنیا بھر میں ایک مثال بن چکی ہے۔وزیر خارجہ نے دورہ ماسکو کے دوران چینی ہم. منصب وانگ ڑی کے ساتھ ہونیوالی خصوصی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی قیادت اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں شامل تمام منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہے۔

شاہ محمود

مزید :

صفحہ اول -