شہباز شریف اپنی ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں:فیاض الحسن

  شہباز شریف اپنی ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں:فیاض ...

  

 لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ، جعلی ٹی ٹیز اور کرپشن کیسز میں اپنی گرفتاری نظر آ رہی ہے، گرفتاری سے پہلے انکی پریس کانفرنس ایک بجھتے چراغ کی آخری ٹمٹماہٹ تھی۔ اپنے ردعمل میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ قائد حزبِ اختلاف اپنی ممکنہ گرفتاری کو سیاسی رنگ دینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ شہباز شریف صاحب! آپ کی گرفتاری وزیراعظم عمران خان کی ذاتی خواہش یا سیاسی انتقام نہیں، بلکہ آپ کی لازوال، تابناک اور بے مثال کرپشن کے باعث عدالتوں اور احتسابی اداروں کی ضرورت ہے۔ شہباز شریف کا ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے کا دعویٰ عوام کی آنکھوں میں مرچیں جھونکنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کھربوں ڈالرز، یوروز، دینار، درہم اور روپے کی کرپشن کی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنے بھائی اور بھتیجی کی لگائی گئی آگ بجھانے کی سرتوڑ کوشش کر رہے ہیں۔ اے پی سی میں نواز شریف کی ایک گھنٹے کی تقریر نے شہباز شریف کی دو سالہ محنت زائل کر دی۔انہوں نے کہاکہ کورونا کے آغاز میں بھی شہباز شریف نے ملکی معیشت کی تباہی کا واویلا مچایا تھا۔ اللہ کے کرم اور وزیراعظم کی احسن پالیسیوں کی بدولت حکومت اس امتحان میں سرخرو ہوئی۔ آج ایک دفعہ پھر شہباز شریف معیشت کی تباہی کا واویلا مچا رہے ہیں۔

 فیاض چوہان

مزید :

صفحہ اول -