پی جی ایم آئی اور پنز کا طبی شعبہ کی بہتری میں اہم کردار ہے،الفرید ظفر

  پی جی ایم آئی اور پنز کا طبی شعبہ کی بہتری میں اہم کردار ہے،الفرید ظفر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ دونوں ادارے انتظامی لحاظ سے الگ الگ اکائیاں ہیں تا ہم ان کا واحد مقصد مریضوں کی دیکھ بھال اور بہترین علاج معالجے کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے پنز اور جنرل ہسپتال انتظامیہ باہمی تعاون اور مثالی ورکنگ ریلیشن شپ کے تحت کام کر رہے ہیں۔
اور انشاء اللہ آنے والے دنوں میں مریضوں کے وسیع تر مفاد میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا  ان خیالات کا اظہار سربراہ نیورو انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے لاہور جنرل ہسپتال انتظامیہ کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا گیا جہاں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر الفرید ظفر،نیورو کے پروفیسرز دونوں اداروں کے ایم ایس، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رضیہ شمیم سمیت ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سردار الفرید ظفر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ محکمہ صحت میں 30,30سال تک اپنے فرائض سر انجام دینے والوں کو چاہیے کہ وہ دوران سروس پیش آنے والی انتظامی دشواریوں اوراداروں کو احسن طریقے سے چلانے کے لئے برؤئے کار لائی جانے والی پیشہ وارانہ مہارت اور اقدامات بارے اپنی یاداشتیں قلمبند کر کے میڈیکل کے تعلیمی اداروں و لیبارٹریوں کو مہیاکریں تاکہ ہسپتال ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں نئے آنے والے انتظامی ڈاکٹر ز ان کے طویل تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے اداروں کو بہترین انداز میں چلانے کے قابل ہو سکیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی اور ای ڈی پنز نے کہا کہ اس سلسلے میں سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمود صلاح الدین اور ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر رانا محمد شفیق ہراول دستے کا کام کر سکتے ہیں۔