صفائی کی خراب صورتحال،ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ عہدے سے فارغ

 صفائی کی خراب صورتحال،ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ عہدے سے فارغ

  

 لاہور،ساہیوال/سرگودھا(جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی)  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہارکیا ہے -وزیر اعلی عثمان بزدارنے واضح ہدایات کے باوجود شہر میں صفائی کے انتظامات میں بہتری نہ لانے پر ایکشن لیتے ہوئے ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی  شاہ زیب حسنین کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے - وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ شہر میں کوڑا کرکٹ کو اٹھانا اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانا  ایل ڈبلیو  ایم سی کی ذمہ داری ہے لیکن واضح ہدایات کے باوجود زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی نہیں بنایا گیا اور شہر میں صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برتی گئی اورایسا تساہل کسی بھی صورت برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ اب غفلت کی کسی کے پاس گنجائش نہیں۔کام کرنے والے ہی پنجاب میں رہیں گے۔دوسری طرف  سردارعثمان بزدارکی زیر صدارت لاہور کے مسائل حل کرنے کے حوالے سے خصوصی اجلاس منعقد ہوا - تین گھنٹے طویل اجلاس میں لاہور کے مسائل کے حل کیلئے لائن آف ایکشن پر پیش رفت کا جا ئزہ  لیاگیا- ہر محکمے نے ایک ماہ کے دوران مسائل کے حل کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ لاہورپاکستان کا دل ہے۔لاہور کے مسائل کو سب کی مشاورت سے حل کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے عہدیداران کااس ضمن میں کلیدی کردار ہوگا۔تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں اورعہدیداران کو اونر شپ دیں گے۔لاہورشہرمیں بسنے والوں کے مسائل کے حل کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہوا کرگزریں گے۔خالی باتوں اورپریزنٹیشن سے کام نہیں چلے گا،عملی طورپر کام کر کے دکھاناہوگا۔جو کام نہیں کرے گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔میں ہر ماہ دیئے گئے ہدف پر ہونے والی پیش رفت کا خود جائزہ لوں گا۔لاہور شہرکیلئے میگاپراجیکٹس بھی شروع کیے جائیں گے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ روزمرہ کے ایشوز کو انتظامیہ اورپولیس ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہر میں صفائی کی خراب صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اورصفائی کے نظام کومستقل بنیادوں پر درست کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن سے متعلق بھی بہت شکایت ہیں۔کارپوریشن کے حکام اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔منتخب نمائندے بھی فیلڈ میں نکلیں،عوامی مسائل کا خود جائزہ لیں اور وزیراعلیٰ آفس کو عوامی مسائل سے آگاہ کریں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی مسائل کے حل کی مستقل مانیٹرنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی - وزیر اعلی نے کہا کہ جو ٹاسک دیئے ہیں وہ ہر صورت پورے ہونے چاہئیں۔کوئی بہانہ بازی نہیں چلے گی۔پارکنگ ایشوزکے حل،ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری اورجرائم کے خاتمے کے حوالے سے ٹھوس اقدامات چاہتا ہوں۔شہر میں گداگروں کے خلاف بھر پور مہم چلائی جائے۔سڑکوں پر گداگرنظر نہیں آنے چاہئیں اورگدا گروں کو Beggar homeمیں رکھا جائے۔ منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے۔سٹریٹ لائٹوں کی بحالی کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔تجاوزات کے رحجان کے خاتمے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے عملی اقدامات اٹھائے جائیں -وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سجادہ نشین آستانہ عالیہ سیال شریف پیر حمید الدین سیالوی کی وفات پر تعزیت کے لئے سیال شریف پہنچ گئے اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پیر حمیدالدین سیالوی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے اور نئے سجادہ نشین پیر ضیاء الحق سیالوی اور پیر محمد قاسم سیالوی سے اظہار تعزیت کی اور پیر آف سیال شریف کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیر حمید الدین سیالوی کے مزار پر بھی حاضری دی او ر چادر پوشی کی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا برصغیر میں اسلام کی روحانیت کو پھیلانے اور اسے اسلام کا مسکن بنانے میں اولیاء کرام کا کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا پیر خواجہ حمیدالدین سیالوی ایک عظیم روحانی، علمی اور مذہبی شخصیت تھے ان کے انتقال سے عالم اسلام ایک بہت بڑی روحانی شخصیت سے محروم ہوگیا ہے اور ان کا خلا کبھی پورا نہیں ہوسکے گا۔

پیر حمید الدین سیالوی

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -