حکومت دھمکیوں سے جانے والی نہیں،اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے:گورنر پنجاب

  حکومت دھمکیوں سے جانے والی نہیں،اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے:گورنر پنجاب

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے دروازے بندنہیں ہوئے،مولانا فضل الر حمن کو لانگ مارچ کی اجازت دی تھی اب اپوزیشن جماعتوں کی راہ میں بھی رکاؤٹ نہیں ڈالیں گے،نیب حکومت نہیں اور حکومت نیب نہیں،کس کو کب بلانا ہے، کس کو کب گر فتار کر نا ہے یہ حکومت کانہیں نیب کا معاملہ ہے۔گزشتہ روزیہاں پاکستان ڈیری ایکسپو 2020ء میں شر کت کے موقعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گور نر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا جب مولانا فضل الر حمن نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا تو ہم نے انکی کی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالی بلکہ سیکورٹی سمیت تمام سہولتیں فراہم کیں اور حکومت کسی بھی طرح ان سے خوفزدہ نہیں ہوئی۔ اس لیے اب اگر اپوزیشن کی دیگر جماعتیں بھی احتجاج اور لانگ مارچ کرنا چاہتی ہیں تو ہم انکی راہ میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔ احتجاج اور مارچ ان کا جمہوری حق ہے۔ حکومت متحد اور مضبوط ہے وہ اپوزیشن کے کسی لانگ مارچ سے جانیوالی نہیں۔انشاء اللہ عام انتخابات 2023ء میں ہی ہوں گے اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب سمیت تمام لوگ (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے دَور حکومت میں آئے ہیں۔اگر اپوزیشن جماعتیں ملکی وقومی مفادات کے حوالے سے مذاکرات کر نا چاہتی ہیں تو حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے کیونکہ مسائل ہمیشہ مذاکرات سے ہی حل ہوتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں کا قومی اداروں کو تنقید کانشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ پاک افواج پاکستان کا اہم ترین ادارہ ہے جو لوگ اس کو متنازعہ بنانے کے لیے تنقید کر رہے ہیں انکو چاہیے کہ وہ تنقید کا سلسلہ بند کر یں اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ نوازشر یف کی وطن واپسی کا معاملہ اب عدالت میں ہے اور وفاقی حکومت کے متعلقہ ادارے انکی واپسی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور جو کچھ بھی ہوگا وہ آئین وقانون کے مطابق ہوگا۔ کورونا کی وجہ سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ملتوی ہوئے جیسے ہی کورونا کے بارے معاملات ٹھیک ہوجائیں گے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔دریں اثناء گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئر مین سینٹ صادق سنجرانی نے ملاقات کی اس موقع پر گورنر محمد سرور نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مظبوطی پر یقین رکھتی ہے۔ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے ملک کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔عمران خاں اپوزیشن کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گے۔ موجودہ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے اپوزیشن جماعتیں احتجاج اور دھرنے کی دھمکیان دے رہی ہے مگر یہ بات حقیقت ہے کہ وزیر اعظم عمران خاں نہ تو کسی احتجاج سے ڈھرتے ہیں اور نہ ہی بلیک میل اور خوفزدہ ہیں۔

گورنر پنجاب

مزید :

صفحہ آخر -