زمبابوے کے دورہ پاکستان کی تصدیق، میچز خالی سٹیڈیم میں ہونگے

  زمبابوے کے دورہ پاکستان کی تصدیق، میچز خالی سٹیڈیم میں ہونگے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
  لاہور (سپورٹس رپورٹر)زمبابوے کی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو مختصر دورانئے کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دیدی  تمام میچز بند سٹیڈیم میں ہونگے سیریز میں 3ون ڈے اور3ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گئے زمبابوے سپورٹس اینڈ ری کری ایشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل پرنس موپازویریہو نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یوتھ، سپورٹس، آرٹس اینڈ ری کری ایشن کی وزارت آپ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے کی باقاعدہ اجازت دیتی ہے جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ٹاوینگوا موکوہلانی نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ملکی کرکٹ کیلئے بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شیڈول کے مطابق20 اکتوبر سے دورہ پاکستان کی اجازت دینے پر حکومت اور متعلقہ حکام کے شکر گزار ہیں۔
 اور جلد از جلد پاکستان جانے کے منتظر ہیں کہ ہم دوبارہ کرکٹ کے میدان میں جذبے اور وقار کیساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، پہلا میچ 30اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 7 نومبر، دوسرا میچ 8نومبر اور سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 10نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کیلئے پہلے ہی 25کھلاڑیوں پر مشتمل ٹریننگ سکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔