بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی:سراج الحق

بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی:سراج الحق

  

 لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مودی پاکستان دشمنی میں اندھے ہوچکے ہیں۔ 11 پاکستانی ہندوؤں کا بہیمانہ قتل معمولی واقعہ نہیں۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ جماعت اسلامی ہندو برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم اور وزراء گیس بحران کی خبریں دیتے ہیں اس بحران سے نپٹنے کے لیے حکومت کیا کر رہی ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتا تے۔ حیرت ہے کہ وفاقی کابینہ نے جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی مگر مہنگائی کے مارے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں نہیں سوچا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں بدترین مہنگائی اور روپے کی بے قدری کی وجہ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ ملک میں معشت کا پہیہ الٹا گھوم رہاہے جس سے ملک کے مستقبل کے حوالے سے عام آدمی سخت مایوسی کا شکار ہے۔ پاکستان پر اس وقت 43 ہزار ارب روپے سے زائد قرضہ ہے مگر حکومت اب بھی دھڑا دھڑ قرضے لے رہی ہے۔ موجودہ حکومت نے ڈالر کو 168 روپے تک پہنچا دیا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت میں روپیہ مسلسل گراوٹ کا شکار ہے اور اب تو نیپال، بھوٹان، بنگلا دیشن اور سری لنکا کی کرنسی بھی پاکستان سے زیادہ طاقتور ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ واحد حکومت ہے جس نے عالمی وبا کرونا کے دوران ملنے والی اربوں روپے کی امداد ی رقم بھی ہڑپ کرلی ہے اور متاثرین کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملکی معیشت کی شرح نمو 0.4 فیصد رہ گئی ہے۔ حکومت کے دو سالوں میں چینی پچاس روپے سے 100 ر وپے اور آٹا 80 روپے فی کلو تک پہنچ گیاہے۔ غریب کے لیے اپنے شیر خوار بچوں کے لیے دودھ خریدنا مشکل ہوچکاہے۔ حکومت نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے 70 لاکھ سے زیادہ لوگوں سے روزگار چھین لیاہے۔

 سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -