نواز شریف، مریم سے متعلق ملاقاتیں محمد زبیر نے کیں:ترجمان پاک فوج

نواز شریف، مریم سے متعلق ملاقاتیں محمد زبیر نے کیں:ترجمان پاک فوج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


  اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ چند ہفتے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما اور سابق گو ر نر سندھ محمد زبیر نے ملاقاتیں کیں۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف سے دو ملاقاتیں کیں۔ یہ ملاقاتیں ان کی درخواست پر ہوئیں۔ یہ دونوں ملاقاتیں قائد مسلم لیگ (ن)سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی اورمسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے متعلق تھیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا پہلی ملاقات گزشتہ ماہ اگست کے آخری ہفتے میں ہوئی جبکہ دوسری ملاقات رواں ماہ 7 ستمبر کو ہوئی۔ انٹرویو کے دوران میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا انٹرویو میں مزید کہنا تھا کہ اس ملاقات کے دوران پاک فوج کے سپہ سالار نے واضح انداز میں کہا کہ سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں حل ہوں گے جبکہ نواز شریف کے قانونی مسائل عدالتوں میں حل ہوں گے۔ ان معاملات سے پاک فوج کو دور رکھا جائے۔دریں اثناء سینئر لیگی رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے ملاقاتیں خفیہ تھیں جن کا مقصد نوازشریف یا مریم نواز کیلئے ریلیف مانگنا نہیں تھا۔بدھ کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ محمد زبیرکا مزید کہنا تھا جنرل قمر جاوید باجوہ سے میرے طویل مدت سے تعلقات ہیں،اس طرح کی ملاقاتیں خفیہ ہوتی ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی گفتگو میں نہیں کہا کہ میں نوازشریف یا مریم نواز کیلئے کوئی ریلیف مانگنے گیا تھا،تاہم اسد عمر کے صاحبزا د ے کے ولیمے کی تقریب میں میری آخری ملاقات ہوئی تھی۔ مسلم لیگ(ن) کا نمائندہ ہوں،مریم نواز کا کوئی پیغام لے کر نہیں گیا تھا۔ آرمی چیف سے ملاقات میں بھی میرا پہلا جملہ تھا اپنے، پارٹی، مریم نواز اور نہ ہی نوازشریف کیلئے ریلیف مانگنے آیا ہوں۔آرمی چیف سے ملنے کھانے پر گیا تھا۔ اللہ کا شکر ہے میرے خلاف کوئی کیس نہیں چل رہا۔محمد زبیر نے کہا میری اپنی جماعت سے متعلق ایک واضح پوزیشن ہے۔ڈان لیکس،پانامہ پیپرز،نااہلی اورپھر اتنے کیسز بنے ہیں۔ جب کئی گھنٹے کسی تقریب میں یا کسی جگہ پر ملاقات کریں گے تو مریم نواز اور نوازشریف کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی ہوگی۔ملاقات اور کھانے کے دوران سیاست پر بھی بات ہوتی ہے لیکن میری سمجھ سے بالاتر ہے کہ ترجمان پاک فوج کو یہ بات کیوں کرنا پڑی۔
ترجمان پاک فوج

مزید :

صفحہ اول -