ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے،نجم احمد شاہ

ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے،نجم احمد شاہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ صوبے کی تمام ترقیاتی اسکیموں اور تعمیری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے، غیر ضروری تاخیر کے رجحان کو جڑ سے ختم کردیا جائے۔نجم احمد شاہ نے محکمہ بلدیات سندھ کے افسران کے ہمراہ ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے)کی کارکردگی جائزہ میٹنگ میں کہاکہ لوگوں کی سہولیات اور عوامی منفعت کا فروغ محکمہ بلدیات سندھ کا بنیادی مقصد اور اولین ترجیح ہے۔ سیکرٹری بلدیات کی زیر صدارت اجلاس میں کے ڈی اے کے تمام جاری منصوبوں کی رفتار، تکمیلی مدت اور اخراجات کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ طویل مدتی منصوبوں کی تکمیل میں عوامی مشکلات اور تکالیف کم سے کم ہونی چاہئیں لہٰذا تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز تر اور معیار خوب سے خوب تر بنایا جائے، آبادکاری کی ہر اسکیم کو کرپشن سے مکمل طور پر پاک رکھا جائے، محکمہ بلدیات سندھ کی جانب سے کے ڈی اے کو مکمل معاونت اور مالی مدد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، مگر بروقت منصوبہ جات کی تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سیکرٹری بلدیات، ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ترقیاتی اسکیموں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منوڑہ کے ساحل پر جاری ترقیاتی منصوبہ بھی ترقیاتی منازل نہایت تیزی کے ساتھ طے کررہا ہے اور عنقریب شہر کی عوام کی تفریح و طبع کے لئے نہایت بہترین اور جامع منصوبہ حقیقت کا روپ دھار لے گا۔نجم احمد شاہ نے کہا کہ کراچی کے انفرا اسٹرکچر اور بلدیاتی ڈھانچے کو ہنگامی بنیادوں پر ازسرنو بحالی کی جانب گامزن کیا جارہا ہے، لہذا ہر بلدیاتی ادارے کو مکمل طور پر مالی اور محکمہ جاتی سپورٹ فراہم کی جارہی ہے تاکہ شہر کی رونقیں اور روشنیاں مستقل طور پر آباد رہ سکیں۔

مزید :

صفحہ آخر -