غیر ملکی سفیروں کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی فوج نے شہری آبادی پر کلسٹر بم برسائے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

غیر ملکی سفیروں کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی فوج نے شہری آبادی پر کلسٹر بم ...
غیر ملکی سفیروں کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی فوج نے شہری آبادی پر کلسٹر بم برسائے، ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان میں متعین سفراء، سفارتکاروں، دفاعی اتاشیوں اور عالمی تنظیموں کے نمائندگان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا۔ غیرملکی سفراء نے زمینی حقائق سے آگہی کیلئے جورا سیکٹر کا دورہ کرانے پر وزارت خارجہ اور پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2019 میں بھارتی فورسز نے ایل او سی کی شہری آبادی پر کلسٹربموں کااستعمال کیا، یہ جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ بھارتی فورسز نے 30 اور31 جولائی 2019 کو وادی نیلم میں بذریعہ توپخانہ کلسٹر بم برسائے ،کلسٹر بموں سے 4 سالہ بچے سمیت 2 شہری شہید جبکہ 11 شدید زخمی ہوئے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ بھارتی فوج ایل او سی پر شہری آبادیوں کو نشانہ بناتی ہے جبکہ پاک فوج صرف بھارتی چیک پوسٹوں اور فوجی پوزیشنز کو ہی جواب میں نشانہ بناتی ہے۔

پاکستان میں متعین ترک سفیر احسان مصطفی یردکل نے دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں دو روز قبل جو کہا اسے دہراؤں گا، تنازعہ جموں و کشمیر انتہائی گھمبیر مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر بذریعہ مذاکرات اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت پاکستان، بھارت مذاکرات اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

اس موقع پر یورپین یونین کی پاکستان میں سفیر اندرولا کمینارا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سفراء کیلئے لائن آف کنٹرول کے دورے پر تمام صورتحال کا جائزہ لیا، تمام تر صورتحال نہ صرف خود دیکھی بلکہ متاثرین کو بھی سنا۔

جنوبی افریقن ہائی کمشنر ایم مڈیکیزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دورہ کرانے پر آئی ایس پی آر کا شکر گزار ہوں،  ہمیشہ سے لائن آف کنٹرول پر صورتحال اور فائر بندی کی خلاف ورزیوں کے علاقے پر اثرات کا معائنہ کرنا چاہتا تھا، شکر گزار ہوں کہ متاثرین سے ملا، بات کی، متاثرہ بنیادی ڈھانچہ بھی دیکھا،  امید ہے مستقبل قریب میں مسئلہ کشمیر کا کوئی نہ کوئی حل نکلے گا۔

ایرانی نائب سفیرعلی محمد سرخابی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہر روز بہت کچھ ہو رہا ہے، انشاء اللہ، مسئلہ کشمیر جلد حل ہو گا، ہم ہر لحاظ سے کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -راولپنڈی -اہم خبریں -دفاع وطن -