نوازشریف کی تقریر میں بانی متحدہ کی جھلک نظر آئی،فیاض الحسن چوہان
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہاہے کہ نوازشریف کی تقریر میں بانی متحدہ کی جھلک نظر آئی، وزیراعظم نے نوازشریف کی تقریر نشرہونے کی اجازت دے کراچھا اقدام کیا،انہیں پتہ تھا کہ یہ تقریر کریگا اپنے آپ پر خودکش حملہ کرے گا،نوازشریف کو انشااللہ واپس لائیں گے ۔
فیاض الحسن چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اداروں کے درمیان فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عدالتوں نے دن رات ایک کرکے فیصلے دیئے ، نوازشریف کی تقریر میں اداروں کو ٹارگٹ کیاگیا، مریم نواز نے والد، خاندان کی رسوائی،جگ ہنسائی کے علاوہ کچھ نہیں کیا،کل مریم نواز نے کہاجمہوریت میں فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں ، جمہوریت میں خاندانی سیاست نہیں ہوتی ،باراک اوباما کی بیٹی برگر والی دکان پر نوکری کرتی ہے ، باراک اوباما کی بیٹی مریم نواز کی طرح ڈھائی لاکھ کے جوتے نہیں پہنتی ، مریم نواز صاحبہ اپنے مطلب کی جمہوریت نہ بتائیں ،بیگم صفدر نے گزشتہ روز جو بات کی میڈیا نے گھنٹے بعد حقیقت کھول دی،پہلے کہاتھاجس کام میں مریم صفدرہاتھ ڈالیں گی رسوائی ہوگی۔
صوبائی وزیر نے کہاکہ سارے کام کرے فوج، یہ کرپٹ سیاستدان کریں موج،آپ کریں موج اور کام کرے فوج تو تنقید کرتے ہوئے بیگم صفدر کو شرم آنی چاہئے ، لوگ ان کی ایک آنے ایک پائی ایک دھیلے کی باتیں سن کر تنگ آگئے ہیں ، کرپشن کیسز اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں ۔فیاض چوہان نے کہاکہ عمران خان کا احتسابی اداروں کیساتھ کوئی لینا دینا نہیں ، چیئرمین نیب کو شاہد خاقان عباسی اور خورشید شاہ نے نامزد کیا، نیب کا ایک چپڑاسی بھی ہم نے بھرتی نہیں کیا، یہ سب ان کے بھرتی کئے ہوئے ہیں ، جمہوریت کاتقاضا یہ ہے کہ عوام کو آگے لے کر آیا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ ان کی اسمبلیوں میں 30 ،35 ٹکٹ اپنے خاندان کے ہوتے تھے ،عمران خان نے اپنے کسی رشتہ دارکوانتخابی ٹکٹ نہیں دیا، ان کو جمہوریت کی باتیں کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ شہبازشریف کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس عجیب و غریب تھی،شہبازشریف نے کہا میری گرفتاری عمران خان کی خواہش ہے،شہبازشریف ،آپ کو انتھک محنت سے کی گئی کرپشن پر ہی طلب کیاجاتا ہے،
فیاض الحسن چوہان نے کہاکہ نوازشریف ہر دور میں اداروں سے لڑتے رہے ہیں ،صوبائی وزیر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ را کے سابق سربراہ نے لندن میں نوازشریف سے ملاقات کی،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے نوازشریف کی تقریر نشرہونے کی اجازت دے کراچھا اقدام کیا،انہیں پتہ تھا کہ یہ تقریر کریگا اپنے آپ پر خودکش حملہ کرے گا،نوازشریف کو انشااللہ واپس لائیں گے ۔