زمبابوے کیخلاف سیریز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ کر لیا گیا

زمبابوے کیخلاف سیریز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ ...
زمبابوے کیخلاف سیریز میں شائقین کو سٹیڈیم آنے کی اجازت ہو گی یا نہیں؟ فیصلہ کر لیا گیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے خلاف سیریز کے وینیوز اور شیڈول کی تصدیق کر دی ہے جس کے مطابق مہمان ٹیم اسلام آباد میں قرنطینہ مکمل کرے گی جبکہ سیریز ملتان اور راولپنڈی میں کھیلی جائے گی اور تمام میچز شائقین کے بغیر کھیلے جائیں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 30 اکتوبر سے ہو گا، ملتان میں کھیلی جانے والی اس سیریز کے دیگر دو میچز یکم اور تین نومبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں ٹی 20 سیریز راولپنڈی میں 7، 8 اور 10 نومبر کو کھیلیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان کا کہناہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے دنیا کے افق پر اپنا تشخص ایک پرامن اور محفوظ ملک کی حیثیت سے منوالیا ہے، اس سیریز کی تصدیق سے دنیا کو یہ پیغام بھی ملتا ہے کہ پاکستان نے بہت کامیاب انداز سے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ زمبابوے کو دونوں طرز کی کرکٹ کیلئے اپنا 32 رکنی سکواڈ ہمراہ لانے کی درخواست کی گئی ہے جو اس دوران اپنے وارم اپ میچز بھی آپس میں کھیلیں گے۔ کوویڈ 19 پروٹوکولز کے مطابق زمبابوے کرکٹ ٹیم اپنا پہلا کوویڈ 19 ٹیسٹ ہرارے سے کروانے کے 48 گھنٹے بعد پاکستان کیلئے اڑان بھرے گی اور سکواڈ میں شامل تمام افراد کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ اسلام آباد آمد پر لیا جائے گا۔

جن کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کا اسلام آباد میں لیا گیا ٹیسٹ منفی آئے گا انہیں ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دے دی جائے گی۔ اس دوران اگر کسی فرد کے کوویڈ19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آتی ہے تو اسے5 روز ازخود قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا اور اس دوران اس کے مسلسل 2 کوویڈ19 ٹیسٹ منفی آنے لازمی ہوں گے۔

مزید :

کھیل -